اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں سلامتی کونسل کے چیمبر کے باہر پریس کانفرنس کررہے ہیں-(شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حماس پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھے اور متنبہ کیا کہ غزہ میں نئی مخاصمت سے ہر قیمت پر گریز کیا جانا چاہیے۔
انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا ہے کہ ہمیں ہر قیمت پر غزہ میں دوبارہ جنگ سے گریز کرنا چاہیے جو ایک بہت بڑے سانحے کا باعث بنےگا۔
انتونیو گوتریس نے حماس سے اپیل کی کہ وہ آئندہ ہفتے یرغمالیوں کی رہائی کے منصوبے پر عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو جنگ بندی معاہدے میں اپنے وعدوں کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے اور دوسرے مرحلے کے لئے دوحہ میں سنجیدہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے چاہئیں۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی کے معاہدے پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ حماس نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر یرغمالیوں کی حوالگی اگلے نوٹس تک ملتوی کردی جائے گی۔
اس کے جواب میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے منگل کے روز دھمکی دی تھی کہ اگر اسرائیلی یرغمالیوں کو ہفتے کی دوپہر تک واپس نہیں لایا گیا تو جنگ بندی ختم ہو جائے گی اور اسرائیلی فوج "شدید لڑائی” دوبارہ شروع کر دےگی۔
