جرمن وفاقی انجمن برائے اقتصادی ترقی و بیرونی تجارت کے بورڈ کے چیئرمین مائیکل شومین جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
برلن (شِنہوا) ایک جرمن تجارتی گروپ کے رہنما نے کہا ہے کہ یورپ کو عالمی تجارت میں زیادہ فعال کردار ادا کرنا اور امریکی پالیسیوں کا سست انداز میں جواب دینے کی بجائے چین سے اقتصادی تعلقات مستحکم کرکے اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہئے۔
شِنہوا کےساتھ ایک انٹرویو میں جرمن وفاقی انجمن برائے اقتصادی ترقی و بیرونی تجارت کے چیئرمین مائیکل شو مین نے یورپ پر زور دیا کہ وہ اپنے اقتصادی مفادات سے متعلق آزادانہ نکتہ نگاہ اپنائے اور امریکہ کی پالیسیوں کے اثرات کو خاموشی سے قبول کرنے سے گریز کرے۔
انہوں نے کہا کہ یورپ کو چین کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی تجارتی نظام میں کھلے پن اور استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نئے امریکی اقدامات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گزشتہ تجارتی پالیسیوں سے مماثلت رکھتے ہیں اور یہ کوئی حیران کن بات نہیں ہے۔ ٹیکس ، تجارتی عدم توازن کا مئوثر حل نہیں ہے۔
شومین نے خبردار کیا کہ یورپ امریکی تجارتی پالیسیوں پر خاموشی اختیار کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ چین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو مستحکم کرے کیونکہ قریب تر اقتصادی تعاون یورپ کی عالمی مسابقت میں اضافہ کرے گا۔
