چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر ہانگ ژو میں تیسری عالمی ڈیجیٹل تجارتی نمائش میں انسان نما روبوٹس کے نمائشی حصے کا منظر-(شِنہوا)
ہانگ ژو(شِنہوا)ای کامرس کی بڑی کمپنی علی بابا اور ابھرتے ہوئے اے آئی سٹار ڈیپ سیک کے مسکن چین کے مشرقی ٹیک شہر ہانگ ژو نے اعلیٰ سطح کے تخلیقی جدت کے مرکز کے طور پر اپنا درجہ مزید بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میونسپل بیورو کے سربراہ لو شیو ہوا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اعلیٰ سطح کے تخلیقی جدت کے پلیٹ فارمز کو بہتر بنانا، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اطلاق کو فروغ دینا اور ٹیکنالوجی پر مبنی تخلیقی جدت کے بنیادی محرکات کے طور پر کمپنیوں کا کردار مستحکم کرنا ہے۔
ان اقدامات میں شراکت داری منصوبہ شامل ہے جو ٹیکنالوجی کی تخلیقی جدت کے پلیٹ فارمز، یونیورسٹیوں، کمپنیوں اور صنعتی ذرائع کے درمیان تعاون کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
لو نے کہا کہ شہر بڑے پیمانے کے ماڈلز اور کمپیوٹنگ پاور کی بنیادی سہولیات کے ڈھانچے جیسے مراکز اور بنیادی منصوبوں کی تعمیر تیز کرے گا۔ کمپیوٹنگ پاور کے مزید واؤچرز بھی مختص کئے جائیں گے۔
کمپیوٹنگ پاور واؤچر حکومت کا سبسڈی ٹول ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو کم قیمت میں مزید کمپیوٹنگ وسائل تک رسائی میں مدد کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد اے آئی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل تبدیلی کے تخلیقی اطلاق کا فروغ ہے۔
اس کے علاوہ ہانگ ژو صنعتوں میں اے آئی کی شمولیت اور اطلاق کے فروغ کے لئے ’’اے آئی پلس‘‘ اقدام کا آغاز کرے گا۔ اس کے علاوہ ٹیکنالوجی پر مبنی کامیابیوں کے اطلاق کے لئے بھی اصلاحات متعارف کراتے ہوئے یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ اپنے ٹیکنالوجی پر مبنی فوائد ایس ایم ایز کو ’’پہلے استعمال بعد میں ادائیگی‘‘ ماڈل کے تحت استعمال کی اجازت دے سکیں۔
