چین کے جنوب مغربی شہر چھونگ چھنگ میں توان جئے چھون سٹیشن پر ایک مال بردار ٹرین روانگی کے لئے تیار کھڑی ہے-(شِنہوا)
چھونگ چھنگ(شِنہوا)مواصلاتی آلات اور دیگر مصنوعات سے لدی ایک مال بردار ٹرین چین کے جنوب مغربی شہر چھونگ چھنگ بلدیہ سے روانہ ہوئی اور توقع ہے کہ یہ 12 سے 15 دنوں میں افغانستان پہنچ جائے گی۔
اس سے چھونگ چھنگ اور افغانستان کے درمیان قازقستان، ازبکستان اور دیگر ممالک سے گزرنے والی ایک نئے براہ راست مال بردار ٹرین روٹ کا آغاز ہوگیا۔
ٹرین میں موجود چینی ٹیلی کام کمپنی زیڈ ٹی ای کی تیار کردہ مواصلاتی آلات کو افغانستان میں مقامی مواصلاتی نیٹ ورکس کی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
زیڈ ٹی ای سے وابستہ لیو جیان فینگ نے کہا کہ براہ راست مال بردار ٹرین کے ذریعے نقل و حمل کا دورانیہ پچھلی سڑک کے راستے نقل و حمل کے مقابلے میں 3 سے 5 دن کم ہو گیا ہے اور ترسیلی اخراجات میں 15 سے 20 فیصد تک کمی کی توقع ہے۔
یوسین او (چھونگ چھنگ) سپلائی چین مینجمنٹ کمپنی کے ایگزیکٹو شو رون چھیو نے کہا کہ چھونگ چھنگ سے افغانستان تک براہ راست مال بردار ٹرین کا کامیاب آغاز وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ ہمارے اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مضبوط کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔
حالیہ برسوں میں چھونگ چھنگ خود کو ایک جامع اندرون ملک مرکز میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اب تک شہر کو یورپی اور وسطی ایشیائی ممالک سے جوڑنے والے 50 سے زیادہ باقاعدہ راستوں کا احاطہ کرتے ہوئے 18 ہزار سے زیادہ ٹرینیں روانہ کی جا چکی ہیں جو ایشیا اور یورپ کے 100 سے زیادہ مرکزی شہروں اور خطوں تک پہنچی ہیں۔
مارچ 2011 میں چین -یورپ فریٹ ٹرین (یوکسینو) سروس چھونگ چھنگ سے ڈوئسبرگ تک شروع کی گئی تھی جس نے چین اور یورپ کے مابین براہ راست زمینی تجارتی راہداری قائم کی تھی۔
