چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان کے شی شوانگ بان نا دائی خود مختارپریفیکچر کے جنگ ہونگ شہر میں اسٹارلائٹ نائٹ مارکیٹ کا ایک منظر۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین نے ویزہ میں نرمی سے متعلق نئی پالیسی جاری کی ہے جس کے تحت آسیان ممالک کے سیاحتی گروپس کو جنوب مغربی صوبے یون نان کے مشہور سیاحتی مقام شی شوانگ بان نا کا ویزہ کے بغیر 6 روز تک دورہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
پیر کو جاری کردہ اس نئی پالیسی کا مقصد چین کے جنوب مغربی خطے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
قومی امیگریشن انتظامیہ (این آئی اے) نے ایک بیان میں توقع ظاہر کی ہے کہ اس سے کھلے پن میں توسیع ہوگی، اہلکاروں کے تبادلے فروغ پائیں گے اور چین-آسیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو گہرا کرنے میں مدد ملے گی۔
این آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ چینی سیاحتی اداروں کے زیرانتظام آسیان ممالک کے سیاحتی گروپ شی شوانگ بان نا گاسا بین الاقوامی ہوائی اڈے ، موہان ریلوے بندرگاہ اور موہان ہائی وے بندرگاہ کے ذریعے شی شوانگ بان نا میں داخل ہوسکتے ہیں۔
آسیان یا جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کی تنظیم برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ اور ویتنام کے ممالک پر مشتمل ہے۔
چین نے اپنی ویزہ پالیسیوں میں نرمی جاری رکھی ہے تاکہ لوگوں کے درمیان تبادلوں کو فروغ دیا جاسکے اور زیادہ سے زیادہ غیر ملکی مسافر اور کاروباری افراد بغیر ویزہ ملک کا دورہ کرسکیں۔
اب تک چین نے 25 ممالک کے ساتھ جامع باہمی ویزہ استثنیٰ کے معاہدے کئے ہیں ، 38 ممالک کے لئے یکطرفہ بغیر ویزہ پالیسیوں کا نفاذ کیا اور 54 ممالک کو ویزہ کے بغیر راہداری کی سہولت دی ہے۔
ویزہ کے بغیر پالیسیوں اور سہولت کی وجہ سے2025 کے بہار تہوار کی تعطیلات کے دوران زیادہ غیر ملکی مسافروں نے چین کا دورہ کیا تھا ۔ یہ تعطیلات 28 جنوری سے 4 فروری تک جار رہیں تھیں۔
این آئی اے کے مطابق چین میں تعطیلات کے دوران 9 لاکھ 58 ہزار غیر ملکیوں نے سرحد پار سفر کیا جو گزشتہ برس بہار کی تعطیلات کی نسبت 22.9 فیصد زیادہ ہے۔
