چینی پولیس افسران مشتبہ جرائم پیشہ افراد کو خصوصی پرواز کے ذریعے چین واپس لارہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت عوامی تحفظ نے کہا ہے کہ 2024 کے دوران سرحد پار جوئے سے متعلق 45 بڑے مقدمات کی تحقیقات کرکے 11 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
وزارت کے مطابق چین بھر میں عوامی تحفظ کے حکام نے گزشتہ برس سرحد پار جوئے اور اس سے وابستہ جرائم سے متعلق مجموعی طور پر 73 ہزار سے معاملات کی چھان بین کی اور انہیں نمٹایا۔ اس دوران 4 ہزار 500 سے زیادہ آن لائن جوا پلیٹ فارمز کا خاتمہ کیا گیا۔
وزارت نے مزید کہا کہ پولیس نے چین کے اندر جوئے کے بڑے غیر ملکی گروہوں کی جانب سے چلائے جانے والے متعدد بھرتی نیٹ ورکس اور خفیہ مالیاتی چینلز کا خاتمہ کردیا ہے جس کی وجہ سے سرحد پار جوئے کی سرگرمیوں کے خلاف "زبردست کریک ڈاؤن” کو مزید تقویت ملی۔
کچھ غیرملکی شہریوں کی جانب سے چینی سیاحوں کو جوئے کی سرگرمیوں پر راغب کرنے کے جواب میں متعلقہ چینی حکام نے سرحد پار جوئے کے خطرات کو ہدف بناتے ہوئے سیاحتی مقامات کی بلیک لسٹ متعارف کرائی ہے جس میں درج شدہ مقامات پر بیرون ملک سے گروپ کی شکل میں دوروں کی معطلی جیسی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
بلیک لسٹ میں شامل مقامات کو ہدف بناتے ہوئے نافذ کردہ پابندیاں پہلی بار اگست 2020 میں لاگو کی گئی تھیں۔
