وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں دیرپا قیام امن ممکن نہیں، عالمی انسانی حقوق ادارے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں، آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر پر جاری بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اورحکومت کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،
ہم آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے،خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے، اس کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہی نہیں، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو چاہئے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں۔علی امین نے کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول تک ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی ،سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔
