چین کے شمالی صوبے شنشی کے شہر یانگ چھوان کی ہوایانگ نمبر 2 کوئلہ کان کے پیداواری مرکز میں عملہ کام کررہا ہے۔ (شِنہوا)
تائی یوآن (شِنہوا) کوئلے سے مالا مال چین کے شمالی صوبہ شنشی نے 2024 کے دوران 13.4 ارب مکعب میٹر کول۔بیڈ میتھین (سی بی ایم) کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی جو گزشتہ برس کی نسبت 18.9 فیصد زیادہ ہے۔
سی بی ایم کوئلے سے حاصل کردہ ایک ضمنی پیداوار ہے اور یہ کوئلے کی کان کے حادثات میں ہلاکتوں کی ایک بڑی وجہ بھی ہے ۔ یہ غیر روایتی قدرتی گیس بنیادی طور پر میتھین ہے اور کوئلے کی ایک سطح سے تیار کی جاتی ہے۔
سی بی ایم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مستحکم انداز میں نکالا جاسکتا ہے اور صاف توانائی کے طور پر استعمال میں لا یا جاسکتا ہے ۔ اس وقت شنشی میں سی بی ایم کی تلاش کا کام ہورہا ہے تاکہ گیس ماحول کو آلودہ کرنے کی بجائے استعمال میں لائی جاسکے۔ اس طریقے سے کوئلہ کانوں میں گیس دھماکے سے ہونے والے حادثات میں مئوثر طریقے سے کمی لائی جاسکتی ہے۔
شنشی توانائی بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ماؤ شیاؤ وین کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں سی بی ایم ذخیرہ گاہ اور پیداوار میں اضافے اور سی بی ایم کی ترقی کے فروغ سے متعلق شنشی متعدد اقدامات کرے گا۔
صوبائی توانائی بیورو کے مطابق شنشی سی بی ایم وسائل سے مالا مال ہے جہاں 2 ہزار میٹر کی گہرائی میں زیر زمین تقریباً 83.1 کھرب مکعب میٹر کے ثابت شدہ سی بی ایم ذخائر موجود ہیں جو ملک کے مجموعی ذخائر کا تقریباً ایک تہائی
ہے ۔ صوبے کی 2024 کے دوران سی بی ایم پیداوارچین کی مجموعی پیداوار کا 80.6 فیصد تھی۔
صوبائی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ برس شنشی میں خام کوئلے کی پیداوار 1.27 ارب ٹن تک پہنچ گئی جو قومی پیداوار کا تقریباً 26.7 فیصد ہے۔
