جاپان کے شہر ٹوکیو میں ایک نسان ڈیلر کو دیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
ٹوکیو (شِنہوا) ہونڈا موٹر کمپنی اور نسان موٹر کمپنی فروری کے وسط میں اپنے مجوزہ انضمام کی تفصیلات کا اعلان کریں گی۔
کیوڈو نیوز نے کمپنی کے حکام کے حوالے سے جمعہ کے روز بتایا ہے کہ حجم کے اعتبار سے جاپان کے دوسرے اور تیسرے سب سے بڑے گاڑی ساز ادارے نے اس سے قبل 2026 میں ایک ہولڈنگ کمپنی کے تحت انضمام کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا اور ابتدائی طور پر جنوری کے اختتام تک مزید تفصیلات جاری کرنے کے بارے میں بتا یا تھا۔
اس معاملے سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ ہونڈا نے نسان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تنظیم نو کی کوششیں تیز کریں ۔ نومبر میں نسان نے اپریل تا ستمبر کی مدت میں خالص منافع میں 90 فیصد سے زیادہ کمی کا اعلان کرنے کے بعد دنیا بھر میں 9 ہزار ملازمین کوفارغ کرنے اور اپنی عالمی پیداواری صلاحیت میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹ میں دیگر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نسان کی شراکت دار مٹسوبشی موٹرز کارپوریشن انضمام میں شمولیت پر غور کررہی تھی لیکن اب وہ آزاد رہنے کے متعلق سوچ رہی ہے۔
