شام کے عبوری رہنما احمد الشرع(دائیں) دارالحکومت دمشق میں لبنانی نگران وزیراعظم نجیب میکاتی سے مصافحہ کر رہے ہیں-(شِنہوا)
دمشق(شِنہوا)شام کے عبوری صدر احمد الشرع نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں ملک میں تبدیلی کے لئے اپنی انتظامیہ کا روڈ میپ پیش کردیا ہے۔ انہوں نے شام کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے قانونی طریقہ کار اور قومی مکالمے کے قیام کا عزم ظاہر کیا۔
اپنی تقرری کے ایک روز بعد الشرع نے ایک کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا جسے گزشتہ پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد عارضی قانون ساز کونسل کے قیام کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
عبوری صدر نے قومی مشاورت کانفرنس کے قیام کا ارادہ بھی ظاہر کیا جسےا نہوں نے شامی معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان ملک کے سیاسی پروگرام پر بات چیت کے لئے ’’بات چیت اور مشاورت کا کھلا پلیٹ فارم قرار دیا‘‘۔
اس کے علاوہ صدر نے ان اقدامات کی تکمیل کے بعد آئینی اعلامیہ جاری کرنے کا عزم بھی کیا۔
الشرع کا خطاب اقتدار میں آنے کے بعد ان کی انتظامیہ کا پہلا اہم سیاسی اقدام ہے جو گزشتہ سال دسمبر میں پچھلی حکومت گرنے کے بعد اقتدار کی منتقلی کے عمل کو ادارہ جاتی کرنےکا اشارہ ہے۔
