سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے سالانہ اجلاس 2025 میں چین کے شہر تھیانجن کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ کامنظر-(شِنہوا)
ڈیووس(شِنہوا)سست عالمی اقتصادی بحالی اور بڑھتی ہوئی تحفظ پسندی کے درمیان چین کی مستحکم اور مثبت اقتصادی ترقی نے پیر کو شروع ہونے والے عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے سالانہ اجلاس میں نمایاں توجہ حاصل کی ہے۔
بہت سے شرکاء نے چین کے اقتصادی امکانات اور اعلیٰ معیار کی وسعت کے بارے میں امید کا اظہار کیا جبکہ عالمی اقتصادی اور تجارتی تعاون میں اس کے جاری تعاون کو سراہا۔
چین کے قومی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے 17 جنوری کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں چین کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد اضافہ ہوا اور حکومت کے پورے سال کے ہدف کو حاصل کیا گیا۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی تازہ ترین عالمی اقتصادی جائزہ میں چین کی 2025 کی اقتصادی ترقی کی پیش گوئی پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے 4.6 فیصد تک بڑھا دیا ہے جو اکتوبر کے تخمینے سے 0.1 فیصد زیادہ ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کے صدر بورج برینڈے نے شِنہوا کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ میں درمیانی اور طویل مدت کے حوالے سے چین کی معیشت کے بارے میں پرامید ہوں۔ چین اب معیشت کو متحرک کرنے اور ملکی کھپت میں اضافے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔
کچھ قلیل مدتی چیلنجز کا اعتراف کرتے ہوئے بورج برینڈ نے ملکی کھپت کو فروغ دینے کے لئے چینی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی، جس نے معاشی ترقی کو موثر طریقے سے سہارا دیا ہے۔
ڈیلوئٹ چائنہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹرک سانگ نے عالمی تجارت، سرمایہ کاری، ماحول دوست اور ڈیجیٹل معیشت میں چین کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے مستقل طور پر ملکی طلب کو بڑھایا ہے اور عالمی اشیاء اور خدمات کے مواقع پیدا کئے ہیں۔
گریٹر چائنہ میں میک کنزی اینڈ کمپنی کے چیئرمین جو نگائی نے چین کے اقتصادی بنیادوں پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے منڈی کو "مواقع سے بھرپور اور عالمی کمپنیوں کی طرف سے سرمایہ کاری کے قابل” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی شرح نمو کارپوریٹ ترقی کے لئے کافی گنجائش فراہم کرتی ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں قائم ہائی ٹیک کمپنی اورلیکون کے ایگزیکٹو چیئرمین مائیکل سس نے گزشتہ 3 دہائیوں میں چین کی قابل ذکر ترقی کو سراہا۔ انہوں نے تعاون اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی کے بغیر دنیا اس سطح کی دولت پیدا نہیں کرسکتی تھی۔
آئی ایم ایف کے سابق ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ژو من نے کہا کہ چین کی معیشت ڈھانچہ جاتی تبدیلی سے گزر رہی ہے۔ مستقبل کو دیکھتے ہوئے ملکی کھپت، پیداوار کا فروغ اور ماحول دوست تبدیلی چین کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائے گی۔
"انٹیلی جنٹ دور کے لئے تعاون” کے موضوع کے تحت ڈبلیو ای ایف سالانہ اجلاس 2025 میں مختلف خطوں اور صنعتوں سے تقریباً 3000 افراد نے شرکت کی۔
