کینیا کے شہر نیروبی میں اقوام متحدہ کے دفتر (یو این او این) کے احاطے میں ایک چینی ثقافتی تقریب کے دوران شیر رقص کامظاہرہ کیاجارہاہے-(شِنہوا)
نیروبی(شِنہوا)نیروبی میں اقوام متحدہ کے دفتر کی ڈائریکٹر جنرل زینب ہوا بنگورا نے کہا ہے کہ چین کا موسم بہار کا میلہ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور عالمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں گہری اہمیت کا حامل ہے۔
نیروبی میں ایک چینی ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےزینب ہوا بنگورا نے کہا کہ میں کینیا میں یواین فیملی کی جانب سے دعا کرتی ہوں کہ سانپ کا یہ نیاقمری سال ہمیں ان بے شمار چیلنجز سے نمٹنے کے لئے غیر معمولی دانشمندی اور فہم لے کر آئے جن کا ہمیں آج ایک نسل کے طور پر سامنا ہے۔
یو این او این کے احاطے میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں متعدد ثقافتی نمائشیں کی گئیں جن میں چینی کھانے، فیشن اور روایتی خطاطی شامل تھی۔ یو این او این، کینیا میں چینی سفارتخانے اور چائنہ میڈیا گروپ (سی ایم جی) کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والی اس نصف روزہ تقریب میں سینئر حکام، سفارتکاروں، یونیورسٹی کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی اور بین الثقافتی تبادلے کے جذبے کا جشن منایا۔
اقوام متحدہ کی عہدیدار نے ایسے مواقع کا جشن منانے کے لئے لوگوں کو متحد کرنے میں کثیرجہتی اداروں کے کردار پر زور دیا جو عالمی سطح پر ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔
کینیا کی وزارت خارجہ میں ایشیا، بحرالکاہل اور تارکین وطن کے امورکے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جین مکوری نے بھی زینب کے جذبات سے اتفاق کرتے ہوئے چینی روایتی تہوار کو ثقافتی حدود سے بالاتر ہونے والا ایک متحد جشن قرار دیا۔
تقریب میں کینیا میں چین کی سفیر گوو ہیان نے موسم بہار کے فیسٹیول کی آفاقی اقدار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول نہ صرف روایتی چینی ثقافت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ ایک ذریعہ بھی ہے جس کے ذریعے جدید معاشرتی چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے۔
