چین کی جنوب مغربی بلدیہ چھونگ چھنگ کے ضلع یو ژونگ میں سیاح معجزہ گلی میں تفریح کررہے ہیں ۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین نے 2024 کے دوران 60 ہزار سے زائد شہری تزئین و آرائش کے منصوبے شروع کئے جو شہروں کو زیادہ لچکدار اور انٹیلی جنٹ علاقوں میں تبدیل کرکے انہیں رہائش کے لئے دلکش بنانےکی کوششوں کا حصہ ہے۔
وزارت تعمیرات اور شہری دیہی ترقی نے منگل کے روز کہا ہے کہ ان منصوبوں میں مجموعی طور پر29کھرب یوآن (تقریباً 404.4 ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ مقامی حکومتوں نے اراضی کے استعمال اور منصوبہ بندی جیسے شعبوں میں اقدامات متعارف کرانے کے ذریعےشہری تزئین و آرائش میں تعاون تیز کیا، اس کے ساتھ ہی مالیاتی، ٹیکس اور مالی امداد بھی فراہم کی ہے۔
مثلاً 12 صوبائی سطح کے علاقوں نے شہری تزئین و آرائش کے لئے تقریباً 100 ارب یوآن مالیت کے خصوصی بانڈز جاری کئے جبکہ 28 شہروں نے اس مقصد کے لئے خصوصی فنڈز مختص کئے۔
وزارت نے مزید کہا کہ مختلف علاقوں نے سرکاری نجی شراکت داری ، فرنچائزنگ اور کاروباری معاہدے جیسی سماجی سرمایہ کاری کے طریقے بھی تلاش کئے۔
