نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملواکی میں ریپبلکن نیشنل کنونشن سے خطاب کررہےہیں ۔(شِنہوا)
واشنگٹن (شِنہوا)امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں کے دوران بائیڈن انتظامیہ کے متعدد انتظامی احکامات کو منسوخ کر دیں گے۔
واشنگٹن میں کیپیٹل ون ایرینا میں منعقدہ فتح کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کا ہر بنیاد پرست اور احمقانہ انتظامی حکم میرے عہدے کا حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی منسوخ کردیا جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ سرحدی سلامتی، توانائی، وفاقی حکومت کے اخراجات، مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور ڈی ای آئی (تنوع، مساوات اور جامعیت) پروگراموں جیسے شعبوں سے تعلق رکھنے والےانتظامی احکامات پر دستخط کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل سہ پہر سے امریکی زوال کی پردہ پوشی کا خاتمہ ہوجائے گا، ہم امریکی طاقت ، خوشحالی، وقار اور فخر کے ساتھ ایک نئے دن کا آغاز کریں گے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق توقع ہے کہ ٹرمپ حلف برداری کے دن 100 سے زائد انتظامی احکامات پر دستخط کریں گے۔
