امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اناہیم میں ڈزنی کیلیفورنیا ایڈونچر پارک میں نئے قمری سال کی تقریب میں مولان اور موشو کے لباس میں ملبوس فنکار اپنے فن کامظاہرہ کررہے ہیں-(شِنہوا)
لاس اینجلس(شِنہوا)ڈزنی کیلیفورنیا ایڈونچر پارک میں اختتام ہفتہ پر 2025 کے نئے قمری سال کی تقریبات کا آغاز ہوگیا جس میں مختلف ایشیائی ثقافتی مظاہروں، کھانا پکانے اور تفریحی تقریبات کااہتمام کیاگیا۔
جنوبی کیلیفورنیا کے شہر اناہیم میں واقع یہ پارک شاندار سرخ اور سنہری رنگوں سے سجا ہوا ہے جو خوش قسمتی، صحت اور خوشحالی کی علامت ہے۔ حالیہ برسوں میں سالانہ تقریبات نے دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔
2025 کا نیا قمری سال 29 جنوری کو شروع ہوگا۔ یہ نئے چاند کی تاریخ کے ساتھ شروع ہوتاہے جوسانپ کے سال کا آغاز ہے۔
پارک میں نئے قمری سال کی دیوارخواہش پر زائرین نے آنے والے سال کے لئے امید ، صحت اور خوشی کے اپنے پیغامات تحریر کئے۔
تقریب میں مقامی کاریگروں کی طرف سے چینی خطاطی کے مظاہرے پرکشش تھے۔
خطاطوں میں سے ایک راجر سوینگ نے شِنہوا کو بتایا کہ وہ چینی روایتی آرٹ کو امریکی سامعین میں متعارف کرانے پر خوش ہیں۔ بہت سے امریکیوں کو چینی خطاطی میں بہت دلچسپی ہے۔
حاضرین اکیڈمی ایوارڈ یافتہ چینی نژاد امریکی موسیقار ٹان ڈن کی تخلیق کردہ موسیقی کے ساتھ 6 منٹ کی کہانی کے سحر میں ڈوبے رہے۔
پارک میں نئے قمری سال کے بازار اور کھانے کے مقامات پر ایشیائی کھانوں سے متاثر ڈشز اور مشروبات کا ایک سلسلہ پیش کیا گیا۔
چینی نئے سال کا جشن جسے بہار کا تہوار بھی کہا جاتا ہے کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس اور ثقافت نے باضابطہ طور پر انسانیت کے غیرمادی ثقافتی ورثے کی نمائندہ فہرست میں شامل کیا ہے۔
ڈزنی کیلیفورنیا ایڈونچر پارک میں نئے قمری سال کی تقریبات 16 فروری تک جاری رہیں گی۔
