چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کے شہر لیوپین شوئی میں سیاح یوشے سنو ماؤنٹین سکی ریزارٹ پر سکیئنگ کر رہے ہیں-(شِنہوا)
گوئی یانگ(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کے شہر لیوپین شوئی کے یوشے سنو ماؤنٹین سکی ریزارٹ میں چمکدار رنگوں کے سکی ملبوسات زیب تن کئے ہوئے حاضرین گھنے جنگلات سے گھری برف سے ڈھکی ڈھلوانوں سے گزر رہے ہیں۔
گوئی ژو میں قائم پہلے یوشے سکی ریزارٹ نے دسمبر 2013 میں اپنے آغاز کے بعد سے سکیئنگ کے شوقین کئی افراد کو راغب کیا۔یہ ریزارٹ نئے، میانہ اور اعلیٰ درجے کے سکیئرز کے لئے سکی ٹریلز پر مشتمل ہے جہاں ایک ہی وقت میں تقریباً 3 ہزار سکیئرز سکیئنگ کر سکتے ہیں۔
سکی ریزارٹ ہال میں مقامی سیاح اور ہائی نان،سیچھوان اور گوانگ ڈونگ جیسے دیگر صوبوں کے سیاح کرائے پر سکی کے ملبوسات اور بورڈ حاصل کرتے ہیں۔
حالیہ برسوں میں لیوپین شوئی نے اپنے برفانی وسائل کو ثقافتی اور سیاحتی انضمام کے لئے نئی قوت میں تبدیل کرنے کی غرض سے اپنے منفرد قدرتی پہاڑی حالات سے استفادہ کیا ہے۔
گوئی ژو یےیوہائی ٹورازم ڈویلپمنٹ کے جنرل منیجر ژانگ کائی نے کہا کہ سکیئنگ اب محض کھیل نہیں ہے۔یہ ایک تفریحی سرگرمی بن چکی ہے۔ہم واضح طور پر ہر سال سکیئنگ کے شوقین افراد میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔
لیو پین شوئی کے ثقافتی سیاحتی ترقی کے مرکز کے ڈائریکٹر چھن تاؤ نے کہا کہ شہر نے 3 بلند و بالا سکی ریزارٹ قائم کرتے ہوئے بتدریج سکیئنگ اور گرم چشموں پر مبنی سرما سیاحت اور تفریحی پیداواری نظام تیار کیا ہے۔2024 کے سکی سیزن میں ان 3 سکی ریزارٹس پر 2 لاکھ سے زائد سیاح آئے۔
