رفح کراسنگ کی مصری طرف پر ایمبولینسز انتظار کر رہی ہیں۔(شِنہوا)
یروشلم (شِنہوا) اسرائیل اور حماس کے درمیان طویل عرصے سے متوقع جنگ بندی اتوار کی صبح نافذ ہونے والی تھی لیکن اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنگ بندی میں شریک نہیں ہوگا،اس کی وجہ حماس کی جانب سے پہلے 3 یرغمالیوں کی فہرست فراہم کرنے میں نا کامی ہے۔
یہ اعلان مقامی وقت کےمطابق صبح 8 بجکر 30منٹ اور (پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن11بجکر30منٹ) پر کیا گیا جبکہ قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی میں ہونےوالا معاہدہ نافذ ہونے والا تھا۔
اسرائیلی دفاعی افواج کے ترجمان ڈینیئل ہیگاری نے ایک براہ راست نشریات میں کہا کہ آج صبح تک حماس نے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا اور معاہدے کے برعکس رہائی کے لیے مقرر یرغمالیوں کے نام اسرائیل کو فراہم نہیں کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کی ہدایات کے تحت حماس کی جانب سے اپنے وعدوں کو پورا نہ کئے جانے تک جنگ بندی نافذ نہیں ہوگی۔
ہیگاری نے کہا کہ اسرائیلی دفاعی افواج غزہ میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور حماس کی جانب سے معاہدے کی پیروی نہ کئے جانے تک حملے جاری رہیں گے۔
