چین کے جنوب میں واقع گوانگ شی ژوانگ خوداختیارخطےکے لیوژو میں لاجسٹک پارک میں نئی توانائی گاڑیوں کو دکھایا گیا ہے ۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) وزارت عوامی تحفظ نے کہا ہے کہ چین میں زیراستعمال نئی توانائی گاڑیوں (این ای وی) کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور 2024 کے اختتام تک ان کی تعداد 3 کروڑ 14 لاکھ ہوچکی تھی۔
وزارت نے جمعہ کے روز بتایا کہ یہ اعداد و شمار گزشتہ ایک دہائی کے دوران 260 گنا اضافے کو ظاہر کرتے ہیں جس کی وجہ این ای وی صنعت میں ملک کی تکنیکی ترقی، چارجنگ سہولیات میں بہتری اور چینی شہریوں میں ماحول دوست شعور کا بڑھنا ہے۔
وزارت کا مزید کہنا ہے کہ 2024 میں ملک کی مجموعی گاڑیوں کی ملکیت میں این ای وی کا حصہ 8.9 فیصد تھا جبکہ نئی اندراج شدہ این ای وی کی تعداد 2023 کے مقابلے میں 51.49 فیصد بڑھ کر 1 کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی۔
چین میں نئی توانائی گاڑیوں کی ترقی نمایاں طور پر تیز رہی ۔ 2014 میں صرف ایک لاکھ 20 ہزار این ای وی سڑکوں پر تھیں۔ جون 2022 کے اختتام تک زیراستعمال نئی توانائی گاڑیوں کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوچکی تھی۔
2023 کے اختتام تک یہ تعداد دوگنا ہوگئی جو 2024 کے آخر تک 3 کروڑ سے زائد ہوچکی تھی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چین میں دنیا کی این ای وی کی نصف سے زائد تعداد موجود ہے۔
