امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے الٹاڈینا میں امدادی کارکن آگ سے تباہ ہونے والی عمارتوں کا جائزہ لے رہے ہیں-(شِنہوا)
لاس اینجلس(شِنہوا)امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقے لاس اینجلس میں پھیلی خوفناک جنگل کی آگ کے باعث ایک ہفتے سے زائد عرصے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 12 ہزار 300 عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔مقامی حکام نے ان نقصانات کی تصدیق کی ہے۔
آگ بجھانے کا عملہ جنگل میں 2 بڑی آتشزدگیوں کو روکنے کے لئے پیشرفت جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ علاقے میں ہوائیں رک گئی ہیں۔
مقامی حکام نے بتایا کہ لاس اینجلس کے علاقے میں جنگل میں لگنے والی سب سے بڑی پیلےسیڈز آتشزدگی نے اب تک 23 ہزار 713 ایکڑ(95.96 مربع کلومیٹر) رقبہ جلا کر راکھ کر دیا ہے۔7 جنوری کو لگنے والی آگ پر 22 فیصد قابو پا لیا گیا ہے جو گزشتہ روز کی سطح 17 فیصد سے زائد ہے۔
کیلیفورنیا کے جنگلات اور آتشزدگی سے تحفظ کے محکمے(کیل فائر) نے بتایا ہے کہ موسمی حالات معمول پر آ جائیں گے اور توقع ہے کہ آگ موجودہ حدود میں رہے گی جبکہ اس میں اضافہ نہیں ہوگا۔
الٹا ڈینا اور پاسا ڈینا کے قریب لگنے والی ایک اور بڑی آتشزدگی نے 14 ہزار 117 ایکڑ (57.1 مربع کلومیٹر) رقبہ جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ اس آگ پر قابو پونے کی شرح 55 فیصد پر آگئی ہے جو گزشتہ روز کی شرح 45 فیصد سے زائد ہے۔
کیل فائر کے مطابق پرسکون رات اور علی الصبح چلنے والی ہواؤں نے آگ کا پھیلاؤ کم کردیا ہے۔اس سے فائر فائٹرز کو آگ روکنے کی حدود محفوظ بنانے میں اچھی پیشرفت کرنے کا موقع ملا۔
تاہم ادارے نے نشاندہی کی کہ پیر کے دن دوبارہ چلنے والی سانتا انا ہواؤں سے جنوبی کیلیفورنیا کے حصوں میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے کے نازک موسمی حالات موجود ہیں۔
