چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ایک شاپنگ مال شی ڈان جوائے سٹی میں صارفین پاپ مارٹ سٹور پر بلائنڈ باکسز کا انتخاب کرتے ہوئے-(شِنہوا)
شنگھائی(شِنہوا)چینی محقق ٹیم نے ملک میں انٹرنیٹ کے نوجوان صارفین کی سماجی ذہنیت کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں 2014 سے 2024 تک ان کی علمی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
فوڈان یونیورسٹی اور سرکردہ ویڈیو پلیٹ فارم بلی بلی کے محققین نے انٹرنیٹ کے شوقین نوجوانوں میں مقبول 6 آن لائن پلیٹ فارمز سے بڑی تعداد میں اعدادوشمار جمع کئے۔ان پلیٹ فارمز میں بلی بلی،دو بان،ژی ہو،وی بو،شیاؤہونگ شو اور سول ایپ شامل ہیں۔
محققین نے روحانی اور ثقافتی ضروریات،نظریاتی اور جذباتی تقاضوں،بین النسلی تناظر اور استعمال کے رجحانات جیسے اہم محرکات پر توجہ مرکوز کی۔اس کا مقصد چین میں نوجوان آن لائن صارفین میں بدلتے ہوئے علمی رجحانات کا تجزیہ کرنا ہے۔
رپورٹ میں دریافت ہوا کہ روحانی اور ثقافتی ضروریات کے لحاظ سے تفریح نوجوان صارفین کے لئے اہم ترجیح ہے۔اس میں گیم اور طرز زندگی سے متعلق ویڈیوز سب سے اثر انگیز ہیں۔
2014 سے 2024 تک تعلیمی ویڈیوز کی مقبولیت اور قبولیت میں تیز ترین اضافہ ہوا جس سے نوجوان افراد میں اپنی بہتری اور ذاتی ترقی کی بھرپور خواہش ظاہر ہوتی ہے۔
رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ نوجوان نسل والدین کے ساتھ اپنے تعلقات میں جذباتی تاثرات سے زیادہ عقلی اور گہرے تعلق کے اظہار کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ نوجوان نسل کا تفریح اور کھانے کا شوق بھی عروج پر ہے۔اس سے صارفین کے مقبول رجحانات میں فوری جذباتی تسکین فراہم کرنے والی مصنوعات کی جانب منتقلی ظاہر ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سماجی رابطوں پر خرچ،اپنے ساتھی کے لئے خریداری اور پالتو جانوروں سے متعلق کھپت نے بھی خاطر خواہ مقبولیت حاصل کی ہے۔
