چینی وزیرخارجہ وانگ یی کا بیجنگ میں آسیان کے 10رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات کے موقع پر گروپ فوٹو-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین سرحد پار آن لائن جوا اور ٹیلی کام فراڈ کے خلاف کارروائی کے لئے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
بیجنگ میں آسیان کے 10 رکن ممالک کے سفیروں سے ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا کہ تھائی لینڈ- میانمار سرحد پر آن لائن جوا اور ٹیلی کام فراڈ کے حالیہ گھناؤنے واقعات نے چین اور دیگر ممالک کے شہریوں کے اہم مفادات کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور انہیں نقصان پہنچایا ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ امید ہے کہ متعلقہ ممالک ذمہ داری کااحساس کرتےہوئے سخت اقدامات کریں گے تاکہ ان جرائم سے سختی سے نمٹا جاسکے، لوگوں اور املاک کا تحفظ کیا جاسکے اور مجرموں کو سزا سے بچنے نہ دیا جائے۔
چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین آسیان ممالک کے ساتھ قانون کے نفاذ اور سلامتی کے حوالے سے دوطرفہ اور کثیر جہتی تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے تاکہ لوگوں کے درمیان تبادلوں اور ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون کا مضبوط نظام فراہم کیا جا سکے۔
