امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں مینڈویل کینین کی پہاڑیوں پر جنگل میں لگی آگ بجھانے کے لئے ایک ہوائی جہازکے ذریعے آگ بجھانے والے کیمیکل کا چھڑکاؤ کیاجارہاہے-(شِنہوا)
لاس اینجلس(شِنہوا)لاس اینجلس میں جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لئے آگ بجھانے والاعملہ تیز ہوائیں چلنے کا انتباہ جاری ہونے کے باوجود رات بھر آگ بجھانے میں مصروف رہا۔
امریکی نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) نے گزشتہ روز کہا ہے کہ لاس اینجلس کاؤنٹی کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے علاقوں سمیت ساحلی جنوبی کیلیفورنیا میں تیز ہوائیں چلنے کی صورتحال برقرار رہے گی۔
لاس اینجلس میں جنگلات میں لگنے والی آگ سے کم از کم 25 افراد ہلاک، 12 ہزار 300 سے زائد عمارتیں تباہ اور 40 ہزار 600 ایکڑ سے زائد اراضی متاثرہوئی ہے۔
کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات اور فائر پروٹیکشن کے مطابق منگل کی صبح تک 2 سب سے بڑی آتشزدگیوں پر بالترتیب 17 فیصد اور 34 فیصد قابو پا لیا گیاتھا۔
حکام کو خدشہ ہے کہ خشک ایندھن اور کم نمی کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں کے نتیجے میں جنوبی کیلیفورنیا میں نئی آگ سلگ سکتی ہے یا موجودہ آگ مزید بھڑک سکتی ہے۔
امریکی فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے کہا ہے کہ کیلیفورنیا میں قدرتی آفات سے متعلق امداد کے لئے84لاکھ ڈالر سے زیادہ فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔
