چینی صدر شی جن پھنگ دارالحکومت بیجنگ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور یورپی یونین کے درمیان بنیادی مفادات کا ٹکراؤ یا جغرافیائی سیاسی تنازعات نہیں جس کے باعث یہ ایک دوسرے کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے شراکت دار ہیں۔
شی جن پھنگ نے یہ بات یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
چینی صدر نے انتونیو کوسٹا کو ایک بار پھر یورپی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس سال چین اور یورپی یونین کے سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ ہےجو تسلسل اور ایک نئے نکتہ آغاز دونوں کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور یورپی یونین کے تعلقات کی تاریخ یہ ظاہر کرتی ہے کہ جب تک دونوں فریق باہمی احترام کو برقرار رکھتے ہیں، ایک دوسرے کو برابر سمجھتے ہیں اور کھل کر بات چیت میں مشغول رہتے ہیں، وہ تعاون کو آگے بڑھا سکتے ہیں اور اہم کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔
صدرشی جن پھنگ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ یورپ کو کثیر سمتی دنیا میں ایک اہم سمت کے طور پر دیکھا ہے، یورپی انضمام اور اس کی تزیراتی خودمختاری کے حصول کی حمایت کی ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ گزشتہ 50 برسوں کے دوران چین اور یورپی یونین کے تعلقات نے نہ صرف اپنی ترقی بلکہ عالمی امن اور خوشحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ بین الاقوامی صورتحال جتنی سنگین اور پیچیدہ ہوتی جائے گی چین اور یورپ کو اتنا ہی زیادہ اپنے سفارتی تعلقات کی امنگوں پر عمل کرنا چاہئے۔
چینی صدر نے کہا کہ چین کو یورپی یونین پر اعتماد ہے اور امید کرتا ہے کہ یورپی یونین بھی چین کے لئے قابل اعتماد شراکت دار ثابت ہوگا۔
شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں کو سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ منانے والی سرگرمیوں کی کامیابی کو یقینی بنانا چاہئے، ثقافتی تبادلوں اور لوگوں کے درمیان روابط کو بڑھانا چاہئے، اپنے لوگوں کے مابین باہمی دوروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے اور مقامی تبادلوں اور تعلیمی تعاون کی حمایت کرنی چاہئے تاکہ چین اور یورپی یونین کے تعلقات میں عوامی خیر سگالی کی بنیاد کو مضبوط بنایا جاسکے۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے کہا کہ 2025 یورپی یونین اور چین کے تعلقات کے لئے ایک اہم سال ہے۔ یورپی یونین سفارتی تعلقات کی 50 ویں سالگرہ منانے، مکالمے اور روابط کو بڑھانے، باہمی تزویراتی اعتماد کو گہرا کرنے، شراکت داری کو مضبوط بنانے اور یورپی یونین اور چین کے تعلقات کے روشن مستقبل کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین بات چیت اور مشاورت کے ذریعے چین کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔
فریقین نے یوکرین جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدرشی جن پھنگ نے امن مذاکرات کو فروغ دینے کے حوالے سے چین کے اصولی موقف کی وضاحت کی۔
