چین کے جنوب مغربی شہر چھونگ چھنگ میں ہائی سپیڈ ریلوے کا عملہ آداب کی تربیت میں حصہ لیتے ہوئے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین آنے والے بہار تہوار میں سفری رش کے دوران مسافروں کے لئے محفوظ اور ہموار سفر یقینی بنانے کی خاطر کثیر جہتی اقدامات کر رہا ہے۔
بدھ کے روز ہونے والی ایک پریس کانفرنس کے مطابق چینی قمری کیلنڈر میں نئے سال کے آغاز میں بہار میلہ بڑے پیمانے پر خاندانی میل ملاپ اور سفر میں اضافے کا موقع ہوتا ہے۔ہر سال ٹرانسپورٹ،موسم،ہنگامی انتظام اور دیگر شعبوں کے ذمہ دار سرکاری ادارے اس فیسٹول سے منسلک سفری رش سے نمٹنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرتے ہیں۔
قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن(این ڈی آر سی) کے ڈپٹی ڈائریکٹرلی چھن لِن کے مطابق اس سال بہار تہوار کا سفری رش 14 جنوری سے 22 فروری تک ہوگا۔40 دن پر محیط سفری رش کے عرصے میں مجموعی طور پر 9 ارب بین العلاقائی سفر کی توقع ہے۔ریل اور شہری ہوابازی کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد بھی ریکارڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
لی نے کہا کہ سفر کے دیگر ذرائع میں خود گاڑی چلا کر کئے جانے والے سفر سب سے زیادہ ہوں گے جو تمام بین العلاقائی سفر کا 80 فیصد ہوں گے۔
سفری رش کے دوران خود گاڑی چلا کر کئے جانے والے سفر کی تعداد کا تخمینہ 7.2 ارب ہے۔شاہراہوں پر ایک دن کے دوران ریکارڈ توڑ ٹریفک رش ہونے کا امکان ہے۔
زیادہ تر افراد گھروں کو جانے کے لئے نئی توانائی گاڑیوں(این ای ویز) کا استعمال کرتے ہیں۔ٹرانسپورٹ حکام بڑھتی ہوئی مانگ پوری کرنے کے لئے چارجنگ مراکز کی تنصیب کا کام تیز کئے ہوئے ہیں۔
چین کے زیادہ تر حصے میں بہار تہوار کی چھٹیاں سرد موسم میں آ رہی ہیں۔ملک کا واحد ٹراپیکل جزیرہ نما صوبہ ہائی نان اس عرصے کے دوران کافی عرصے سے سیاحت کا مقبول مقام رہا ہے۔
ہائی نان میں سیاحوں اور گاڑیوں کی زیادہ آمد سے نمٹنے کے لئے حکام آبنائے چھیونگ ژو میں کشتی کی خدمات بڑھا رہے ہیں اور سمندر میں محفوظ نقل و حمل یقینی بنانے کے لئے پانی روکنے کے کشتوں کو بہتر بنا رہے ہیں۔ این ای ویز کی نقل و حمل کے لئے خصوصی طور پر تیار کی گئی کشتیوں کا استعمال بھی کیا جائے گا۔
موسمیاتی انتباہ کے مطابق سرد موسم بہار تہوار کے سفری رش کے دوران چین کو متاثر کرے گا جس سے درجہ حرارت انتہائی نیچے جا سکتا ہے۔اس سے محفوظ سفر خطرے سے دوچار ہوگا اور بجلی کی ترسیل پر دباؤ بڑھے گا۔
وزارت ہنگامی انتظام کے عہدیدار وانگ چھونگ شیان نے کہا کہ حفاظتی خطرات کم کرنے کے لئے متعلقہ اداروں نے متبادل منصوبے تیار کئے ہیں۔ ان میں ہنگامی انتظام کی تربیت میں تیزی اور برف ہٹانے اور پگھلانے کے آلات سے خود کو لیس کرنا شامل ہے۔
