چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے شہر وے نان میں ہوا شان نارتھ ریلوے سٹیشن سے ہانگ کانگ جانے والی ہائی سپیڈ ٹرین جی828 روانہ ہو رہی ہے-(شِنہوا)
شی آن/ووہان(شِنہوا)ہانگ کانگ کو چین کے 2 بڑے شہروں شی آن اور ووہان سے ملانے والی نئی ہائی سپیڈ ریل سروسز کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے اور چائنیز مین لینڈ کے درمیان مواصلاتی رابطوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے دارالحکومت شی آن سے ٹرین صبح 11 بج کر 4 منٹ پر روانہ ہوئی جبکہ چین کے وسطی صوبے ہوبے کے دارالحکومت ووہان سے ایک اور ٹرین تقریباً 4 بجے شام کو روانہ ہوئی۔اس موقع پر دونوں سٹیشنز پر فن کے مظاہروں اور جشن کی دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
ہانگ کانگ کو شی آن سے منسلک کرنے والے روٹ پر جس میں ووہان میں قیام بھی شامل ہے،کسی بھی سمت سے یکطرفہ سفر پر 11 گھنٹے سے بھی کم وقت لگتا ہے۔دیگر سٹیشنز شانشی،ہینان،ہوبے،ہونان، گوانگ ڈونگ میں واقع ہیں۔
ووہان سے روانہ ہونے والی ٹرینیں زیادہ سے زیادہ 5 گھنٹے میں ہانگ کانگ پہنچتی ہیں جو ہونان اور گوانگ ڈونگ صوبوں میں قیام کرتی ہیں۔اس روٹ پر واپس آنے والی ٹرینیں اگلے دن صبح 7 بج کر 19 منٹ پر ہانگ کانگ سے روانہ ہوتی ہیں۔
چائنہ ریلوے شی آن گروپ کمپنی لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ دنیا کے مشہور ٹیراکوٹا واریئرز کے مسکن شی آن سے ہانگ کانگ کے لئے براہ راست ٹرین سروس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر مزید آرام دہ ہوگا۔اس سے معیشت،تجارت،ٹیلنٹ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون اور تبادلوں کو بھی فروغ ملےگا۔
ہانگ کانگ 2018 میں اپنے ہائی سپیڈ ریل کے دور میں داخل ہوا جب ہانگ کانگ کا گوانگ ژو-شین زین-ہانگ کانگ ایکسپریس ریل لنک کا حصہ کھولا گیا۔
