چینی پولیس جرائم پیشہ مشتبہ افراد کو چارٹر پرواز کے ذریعے چین لارہی ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی پولیس نے کہا ہے کہ 7 ماہ کی مہم کے دوران مالی دھوکہ دہی میں ملوث 300 سے زائد جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کرکے بیمہ دھوکہ دہی میں اضافے کو مئوثر انداز میں روک دیا گیا ہے۔
وزارت عوامی سلامتی (ایم پی ایس) نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اپریل 2024 سے 40 سے زائد آپریشنز کئے گئے۔ پولیس نے 1 ہزار 400 سے زائد مقدمات کی تحقیقات شروع کیں جن میں مجموعی رقم 1.5 ارب یوآن (تقریباً 20 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر) تھی۔
وزارت عوامی سلامتی کے اقتصادی جرائم تفتیشی بیورو کے ڈائریکٹر ہوا لے بینگ نے کہا کہ کارروائیوں میں گاڑیوں کے بیمے ، زخمی ہونے کا بیمہ ، آجر کا ذمہ داری بیمہ اور تخلیقی بیمہ مصنوعات جیسے شعبوں میں دھوکہ دہی اسکیموں کو ہدف بنایا گیا، اس میں عوام اور بیمہ اداروں دونوں کی جانب سے متعدد شکایات درج کرائی گئی تھیں۔
یہ ملک گیر مہم مالیاتی ریگولیٹرز کے تعاون سے چلائی گئی تھی۔ قومی مالیاتی نظم ونسق انتظامیہ کے ایک عہدیدار لی یوشیانگ نے کہا کہ مالیاتی ریگولیٹرز نے اس عرصے کے دوران پولیس کو 12 ہزار سے زائد تحقیقاتی معلومات مہیا کیں۔
لی نے کہا کہ اس مشترکہ کوشش سے ایک مئوثر اور درست مربوط نظام تشکیل پایا جس سے تفتیشی معلومات کی جانچ پڑتال میں مدد ملی ہے ۔ انتظامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوجداری انصاف سے منسلک کیا گیا تاکہ بیمہ دھوکہ دہی کا مقابلہ کرنے میں مستقل کوششوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے پریس کانفرنس کے دوران عوامی شعور اجاگر کرنے اور مستقبل میں مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے 10 اہم امور اجاگر کئے۔
