چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے شہر شی آن میں روایتی ہانفو لباس زیب تن کئے رقاصائیں عظیم تانگ مال میں پریڈ کے دوران فن کا مظاہرہ کررہی ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)شنگھائی کے ایگزٹ انٹری ایڈمنسٹریشن بیورو کا استقبالیہ ہال منگل کو نئے سال کے موقع پر معمول سے 3 گھنٹے زیادہ رات 8 بجے تک کھلا رہا تاکہ شہریوں کو پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
بیورو نے کہا کہ یہ توسیع نئے سال کے دن اور آنے والے موسم بہار کے تہوار کی تعطیلات کے آس پاس سفر کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے لوگوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے کی گئی ہے۔
2025 میں چینی شہری زیادہ چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔ حکومت نے نومبر 2024 میں اعلان کیا تھا کہ موسم بہار کی تعطیلات کو 3 دن سے بڑھا کر 4 دن کر دیا جائے گا، جس میں نئے چینی قمری سال کے موقع کو بھی شامل کیا جائے گا۔ یوم مئی کی تعطیلات بھی ایک سے دو دن تک بڑھ جائیں گی، جس میں اب 2 مئی بھی شامل ہے۔ اس سے سرکاری تعطیلات 13 دن تک ہوگئی ہیں۔
اگرچہ یہ اضافہ زیادہ نہیں ہے تاہم اس سے 2 تعطیلات طویل ہوگئی ہیں، اس سال 28 جنوری سے 4 فروری تک بہار کا تہوار اور یکم سے 5 مئی تک یوم مئی کی تعطیلات ہیں۔
آن لائن ٹریول کمپنی سی ٹرپ کے تجزیہ کار وانگ یالائی کا کہنا ہے کہ طویل تعطیلات لوگوں کو سفر کے لئے زیادہ لچک فراہم کریں گی اور سیاحتی مقامات کی تلاش کے لئے عوام کے جوش و خروش میں مزید اضافہ ہوگا۔
پچھلے اعداد و شمار سے وانگ یالائی کے مشاہدے کو تقویت ملتی ہے۔ 2024 میں 7 روزہ قومی دن کی تعطیلات کے دوران چین بھر میں 76.5کروڑ دورے کئے گئے جن میں 700 ارب یوآن (تقریباً 97.38 ارب امریکی ڈالرز) سے زائد رقم خرچ کی گئی۔
سیاحت کی صنعت کو آنے والے موسم بہار کے تہوار کی تعطیلات سے بہت زیادہ امیدیں ہیں جو ایک ماہ سے بھی کم وقت کی دوری پر ہے اور امکان ہے کہ یہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں مصروف عرصہ ہوگا۔
دسمبر کے وسط میں آن لائن ٹریول پلیٹ فارم چھونار کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پلیٹ فارم پر موسم بہار کے تہوار کی تعطیلات کے لئے بین الاقوامی پروازوں اور ہوٹلوں کی بکنگ گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ ہے۔ بوداپسٹ، ہنوئی، نگویا، ساپورو اور سیم ریپ سمیت دیگر شہروں کے لئے پروازوں کی بکنگ میں 200 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
شنگھائی میں قائم ٹریول ایجنسی سپرنگ ٹور کے ڈپٹی جنرل منیجر ژو وائی ہونگ نے کہا کہ موسم بہار کے تہوار کی تعطیلات کے لئے کمپنی کی بیرون ملک سیاحتی مصنوعات کی بکنگ پچھلے سال کے مقابلے میں تقریبا دوگنا ہوگئی ہے۔
اگرچہ 2025 میں نئے سال کا دن بدھ کو تھا تاہم بہت سے لوگوں نے جمعرات اور جمعہ کو چھٹی لے کر مختصر سفر کے لئے وقفے کو 5 دن تک بڑھا دیا۔
