چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شین ژین کے شیاؤمو انٹرنیشنل لاجسٹکس بندرگاہ پر کار بردار بحری جہاز "بی وائی ڈی ایکسپلورر نمبر 1” کے پہلے سفر کی مناسبت سے تقریب کے انعقاد کا منظر ۔ (شِنہوا)
گوانگ ژو(شِنہوا) عالمی نئی توانائی گاڑی (این ای وی) کی مارکیٹ میں صف اول کی کمپنی بی وائی ڈی نے رواں سال اکتوبر میں ایک ماہ کے دوران 5 لاکھ نئی توانائی گاڑیاں فروخت کرکے ایک نیا سنگ میل عبور کیا۔
2024کے پہلے 11 ماہ کے دوران بی وائی ڈی نے37 لاکھ 50 ہزار گاڑیاں فروخت کیں جو گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 40 فیصد زائد ہیں۔
نئی توانائی گاڑیوں کا شعبہ گوانگ ڈونگ-ہانگ کانگ-مکاؤ عظیم تر خلیجی علاقے (جی بی اے) میں تزویراتی صنعتوں کی تیز ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی علاقے میں بی وائی ڈی قائم ہے۔
56 ہزارمربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا یہ علاقہ ملک کے کل رقبے کا 0.6 فیصد سے بھی کم ہے جس کی 2023 میں اقتصادی پیداوار 140 کھرب یوآن (تقریباً 19.5کھرب امریکی ڈالر) سے زائد رہی تھی جو ملکی مجموعی پیداوار کا تقریباً 9واں حصہ ہے۔ یہ چین کے سب سے زیادہ کھلے اور اقتصادی طور پر متحرک علاقوں میں سے ایک ہے اور یہ ان علاقوں میں بھی شامل ہے جہاں اقتصادی ترقی کا معیار بلندترین ہے۔
اعلیٰ معیار کی پائیدار ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے گوانگ ڈونگ صوبے نے حالیہ برسوں میں 20 تزویراتی صنعتی کلسٹرز کے لئے عملی منصوبے مرتب کئے ہیں جن میں گاڑیوں کی صنعت، نئی- نسل کی الیکٹرانک معلوماتی ٹیکنالوجی، ماحول دوست پیٹروکیمیکلز، جدید گھریلو آلات اور مواد شامل ہیں۔
