کینیڈا کے پبلک سروس الائنس کے کارکن اوٹاوا میں پارلیمنٹ کے باہر مظاہرہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
اوٹاوا(شِنہوا)کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنی کابینہ میں تبدیلیوں کا اعلان کیاہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق 8 نئے وزراء کو شامل کیا گیا اور 4 وزرا کی ذمہ داریاں تبدیل کی گئی ہیں۔
ان تبدیلیوں کے بعد کابینہ میں وزیراعظم کے علاوہ کل 38 وزراء رہ گئے ہیں اور خواتین اور مردوں کی تعداد مساوی ہے جو 2015 میں قائم کی گئی مثال کے مطابق ہے۔
یہ تبدیلی سابق نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ کے استعفے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔ جولائی سے اب تک مجموعی طور پر 9 وزراء نے مستعفی ہونے یا آئندہ وفاقی انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔
ٹروڈو نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ نئی کابینہ کینیڈین شہریوں کے لئے سب سے زیادہ اہمیت کی حامل چیزوں پر توجہ دے گی جس میں زندگی کو زیادہ سستی بنانا اور معیشت کو فروغ دینا شامل ہے۔
نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کے رہنما جگمیت سنگھ نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر کینیڈین شہریوں کے نام ایک کھلے خط میں کہا کہ ان کی جماعت 27 جنوری سے شروع ہونے والے ہاؤس آف کامنز کے اگلے اجلاس میں ٹروڈو حکومت کو گرانے کے لئے عدم اعتماد کی تحریک لائے گی۔
