چین کے دارالحکومت بیجنگ کے تیان تن (ٹیمپل آف ہیون) پارک میں ہنگری کی سیاح خریدی ہوئی یادگاری اشیاء دکھارہی ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ ڈاکسنگ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد امریکہ سے تعلق رکھنے والے ٹیلر ایتھن یہ جان کر بہت خوش تھے کہ حکام کی جانب سے ویزے کے بغیر مختصر قیام کی پالیسی میں نرمی کے نئے اقدام کی وجہ سے چین میں ان کے مختصر قیام میں توسیع کی جاسکتی ہے۔
چین نے منگل کے روز ویزے کے بغیر مختصر قیام کی اپنی پالیسی میں نمایاں نرمی کا اعلان کیا ہے، جس میں اہل غیر ملکی مسافروں کے قیام کی مدت ابتدائی 72 گھنٹے اور اس کے بعد کے 144 گھنٹے سے بڑھا کر 240 گھنٹے یا 10 دن کردی گئی ہے۔
قومی امیگریشن انتظامیہ کے ایک بیان کے مطابق فوری طور پر 21 اضافی بندرگاہوں کو ویزے کے بغیر آمد ورفت کے لئے مقرر کیا گیا ہے اور مسافر جن علاقوں میں مختصر قیام کرسکتے ہیں ان میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔ غیر ملکی سیاحوں، ملک میں مقیم غیر ملکیوں اور سفری صنعت سے وابستہ افراد نے پالیسی میں نرمی کو سراہا ہے۔
ہانگ کانگ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد بیجنگ میں 3 روزہ قیام سے لطف اندوز ہونے والے ٹیلر ایتھن کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ میں چین میں زیادہ وقت گزار سکتا ہوں اور اس کے حیرت انگیز نظاروں اور ثقافت کا تجربہ کرسکتا ہوں۔
تازہ ترین پالیسی کے تحت روس، برازیل، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سمیت 54 ممالک کے اہل شہری ویزے کے بغیر چین میں داخل ہوسکتے ہیں۔
یہ مسافر اب 24 صوبوں، خود مختار علاقوں اور شہروں کے 60 بندرگاہوں میں سے کسی کے ذریعے داخل ہوسکتے ہیں اور 240 گھنٹے تک مقررہ علاقوں میں رہ سکتے ہیں۔
ٹونگ چھینگ ٹریول ہولڈنگز لمیٹڈ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پالیسی کے اعلان کے بعد پہلے گھنٹے کے دوران ممکنہ غیر ملکی سیاحوں کی طرف سے چین کے ہوٹلوں اور اندرون ملک آنے والی پروازوں کی تلاش کے حجم میں گزشتہ روز کے اسی عرصے کے مقابلے میں 87 فیصد اضافہ ہوا۔
بیجنگ میں کچھ غیر ملکیوں نے شِنہوا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اندرون شہر سفر کی اجازت اور قیام کی مدت میں توسیع کے باعث اب وہ اپنے دوستوں یا اہل خانہ کے ساتھ مزید شہروں کا دورہ کرسکتے ہیں۔
بیجنگ نارمل یونیورسٹی کے پروفیسر وانگ لی نے اس پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے اسے چین کی جانب سے مزید کھلے پن کا واضح مظاہرہ قرار دیا۔
سفری صنعت اور ترسیلی نظام کےمتعلقہ کاروباری اداروں کی جانب سے بھی پالیسی میں نرمی کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
رواں سال کے آغاز سے ویزے کے بغیر مختصر قیام کی پالیسی کے اجرا کے ساتھ ہی بیجنگ میں اندرون شہر سیاحتی منڈی تیزی سے بحال ہوئی ہے۔ بیجنگ سلک سٹریٹ بزنس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے صدر ڈونگ چھنگ نے اس پالیسی کو اپنے کاروبار کے لئے ایک نعمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک بیجنگ کی تاریخی سلک سٹریٹ مارکیٹ میں آنے والے غیر ملکی مہمانوں کی تعداد میں پچھلے سال کے مقابلے میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
جنوبی گوانگ شی زوانگ خود مختار علاقے میں واقع ایک ٹریول ایجنسی گوانگ شی سن رائز انٹرنیشنل ٹریول سروس کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین چارلی چھن کے مطابق 2024 میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا-
ٹونگ چھینگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ایک سینئر محقق ژانگ منگ یانگ نے کہا کہ مختصر قیام کے لئے ویزہ کے بغیر پالیسی اور مقررہ مقامات کی توسیع سے زیادہ سے زیادہ غیر ملکیوں کو چین کا دورہ کرنے کی طرف راغب کیا جائے گا، جس سے چین کی اندرونی سیاحتی منڈی کی ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔
چین نے جنوری سے نومبر 2024 کے درمیان تقریباً 2کروڑ 92لاکھ 20ہزار غیر ملکیوں کے دورے ریکارڈ کئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 86.2 فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں سے ایک کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار افراد ویزا کے بغیر ملک میں داخل ہوئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 123.3 فیصد زیادہ ہیں۔
