اس تصویر میں توریتسک میں روسی حملوں کے دوران تباہ ہونے والے یوکرینی ٹینک کودیکھا جاسکتاہے۔(شِنہوا)
کیف (شِنہوا) یوکرین کے وزیر دفاع رستم عمروف نے اعلان کیا ہے کہ یوکرینی فوج اگلے سال 30 ہزار سے زائد زیادہ ڈیپ سٹرائیک لڑاکا ڈرونز حاصل کرے گی۔
عمروف نے فیس بک پر لکھا ہے کہ یہ ڈرونز طویل فاصلے تک خود کار طریقے سے کام کرکے دشمن کے اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔
عمروف کے مطابق ڈرونزکی فراہمی یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے گزشتہ ماہ پیش کردہ ’’لچک دار منصوبے‘‘ کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان ڈرونز کے ایک حصے میں یوکرین کی دفاعی صنعت میں سرمایہ کاری کرنے والے عالمی شراکت داروں نے مالی تعاون کیا ہے۔
رواں سال کے اوائل میں یوکرینی حکام نے 2024 میں 10 سے 20 لاکھ ایف پی وی ڈرونز، 10 ہزار درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے اور ایک ہزار سے زائد طویل فاصلے تک مار کرنے والے لڑاکا ڈرونز تیارکرنے کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا تھا۔
