چین کے وسطی صوبے ہائی نان کے شہر شیانگ شی توجیا اور میاؤ خود مختار پریفیکچر کی یونگ شن کاؤنٹی کے پر فضا مقام فیورونگ ٹاؤن میں غیر ملکی سیاح تصاویر بناتے ہوئے-(شِنہوا)
بوآؤ،ہائی نان(شِنہوا) ایک تھنک ٹینک رپورٹ میں تفصیلی تجزیہ پیش کیا گیا ہے کہ سہولت کاری کے متعدد اقدامات کے باعث ملک میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافے کے تناظر میں کس طرح حقیقی چین کو قریب سے دیکھنے کے لئے دنیا کو مدعو کیا جا سکتا ہے۔
’’چین کا سفر، دنیا کو حقیقی چین دیکھنے کی دعوت‘‘ کے عنوان سے یہ رپورٹ شِنہوا نیوز ایجنسی کے تحت کام کرنے والے تھنک ٹینک نیو چائنہ ریسرچ نے جاری کی ہے۔
رپورٹ میں چین کے اندر سفری عروج کی ملکی اور غیر ملکی مطابقت کا خلاصہ اور وضاحت کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ چین نے غیر ملکیوں کے لئے کام،تعلیم یا سفر کی غرض سے چین آنے کے لئے بے شمار سہولت کاری کی پالیسیاں اور اقدامات متعارف کرائے ہیں۔
یکم دسمبر 2023 سے فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈ، سپین اور ملائشیا کے سیاح 15 دن کے لئے تجارت، سیاحت، خاندانی دوروں یا سامان کی ترسیل کی خاطر بغیر ویزا کے 15 دن تک کے لئے چین میں داخل ہو سکتے ہیں۔اس مقصد کے لئے باہمی معاہدوں کی ضرورت نہیں ہوگی۔
گزشتہ سال نافذ کی گئی اس پالیسی میں کئی مرتبہ توسیع کی گئی ہے۔اب تک 38 ملکوں کو یکطرفہ طور پر ویزا کے بغیر چین کی رسائی حاصل ہے۔30 نومبر سے زیادہ سے زیادہ قیام کا عرصہ دوگنا کرکے 30 دن تک بڑھا دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2024 کی پہلی ششماہی میں چین میں آنے والے غیر ملکیوں کی تعداد ایک کروڑ 46 لاکھ 40 ہزار پر پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی نسبت 152.7 فیصد زائد ہے۔ان میں سے تقریباً 85 لاکھ 40 ہزار افراد ویزا کے بغیر چین میں داخل ہوئے جس میں گزشتہ سال کی نسبت 190.1 فیصد اضافہ ہوا۔
یہ رپورٹ چین کے جنوبی جزیرہ نما صوبے ہائی نان کے شہر بوآؤ میں ہونے والی شِنہوا سی ای آئی ایس تھنک ٹینک سالانہ کانفرنس 2024 میں جاری کی گئی۔سی ای آئی ایس چائنہ اکنامک انفارمیشن سروس کا مخفف ہے جو شِنہوا کے تحت معاشی معلومات اور خدمات فراہم کرنے والہ پیشہ ورانہ ادارہ ہے۔
