چینی وزارت تجارت نے امریکہ کو متعلقہ دوہرے استعمال کی اشیاء کی برآمد پر اپنا کنٹرول سخت کرنے سے متعلق اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت تجارت (ایم او سی) نے قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ، عدم پھیلاؤ اور دیگر عالمی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے امریکہ کو متعلقہ دوہرے استعمال کی اشیاء کی برآمد پر اپنا کنٹرول سخت کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
وزارت تجارت کی ویب سائٹ پر منگل کو جاری ایک بیان کے مطابق امریکی فوجی صارفین کو یا فوجی مقاصد کے لیے دوہرے استعمال کی اشیا کی برآمد ممنوع ہے۔
بیان کے مطابق گیلیئم، جرمینیئم، اینٹیمنی اور سپر ہارڈ مواد سے متعلق دوہرے استعمال کی اشیاء امریکہ برآمد نہیں کی جاسکتیں جبکہ گریفائٹ کی دوہرے استعمال والی اشیا کی امریکا کو برآمد سے متعلق صارفین اور حتمی استعمال سے متعلق سخت جانچ کی جائے گی۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ تاریخ اشاعت سے نافذ العمل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملک یا خطے کی کوئی بھی تنظیم یا فرد جو مذکورہ بالا شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی جمہوریہ چین کی متعلقہ دوہرے استعمال کی اشیا کو امریکہ منتقل یا اسے فراہم کرتا ہے تو وہ قانونی طور پر اس کا ذمہ دار ہوگا۔
دوہرے استعمال کی اشیا سے مراد ایسی اشیا، ٹیکنالوجیز اور خدمات ہیں جو یا تو غیر عسکری یا فوجی مقاصد میں استعمال ہوسکتی ہیں، اس کے علاوہ یہ فوجی صلاحیت خاص طور پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں اور ان کی ترسیل کے ذرائع کو ڈیزائن، تیاراور استعمال کرنے میں اضافہ کرسکتی ہیں۔
