چین کے جنوب مغربی صوبے سیچھوان کے شہر چھنگ دومیں چینی وزیرخارجہ وانگ یی سے قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ مورت نورتلیوف ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)
چھنگ دو(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے چین کے جنوب مغربی شہر چھنگ دو میں 5 ویں چین وسطی ایشیا وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مورت نورتلیوف، تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین محر الدین اور ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف سے ملاقاتیں کیں۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مورت نورتلیوف سے ملاقات کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ چین اور قازقستان جغرافیائی قربت، یکساں خیالات اور عوام کے درمیان قریبی تعلقات کے ساتھ مستقل دوست ہمسایہ ہیں۔
چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمہ جہت تعاون کو مضبوط بنانا دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور عوام کی مشترکہ توقعات کے عین مطابق ہے۔
اس موقع پر قازقستان کے وزیر خارجہ مورت نورتلیوف نے کہا کہ قازقستان قومی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ میں وسط ایشیائی ممالک کے لئے چین کی حمایت کو سراہتا ہے اور چین کو ایک قابل اعتماد، مستقل جامع تزویراتی شراکت دار اور سفارتی ترجیح سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قازقستان ایک چین کے اصول پر عمل پیرا ہے، تائیوان، سنکیانگ اور شی ژانگ سے متعلق امور پر اپنے بنیادی مفادات کے تحفظ میں چین کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین محر الدین سے ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین تاجکستان کے ترقی کے راستے پر چلنے کی حمایت کرتا ہے اور تاجکستان کے اندرونی معاملات میں بیرونی قوتوں کی کسی بھی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے۔
وانگ یی نے مزید کہا کہ چین تاجکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ ٹھوس تعاون کے ذریعے ایک دوسرے کی ترقی اور بحالی کی کوششوں کو تیز کیا جاسکے۔
تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین محر الدین نے کہا کہ تاجکستان دونوں سربراہان مملکت کے درمیان اعلیٰ سطح کے باہمی اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے اور اپنے عزم سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف سے ملاقات کے دوران وانگ یی نے اس بات پر زور دیا کہ ازبکستان نئے دور میں چین کا پہلا جامع تزویراتی شراکت دار ہے جو چین ازبکستان تعلقات کی منفرد اور تزویراتی نوعیت کو اجاگر کرتا ہے۔
ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے چین کے کامیاب تجربے سے موثر طور پر سیکھنے، بیلٹ اینڈ روڈ اور چین کے ساتھ ہمہ جہت باہمی مفاد کےتعاون کو مضبوط بنانے اور چین- کرغزستان- ازبکستان ریلوے کی تعمیر کو آگے بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے بعد چین اور ازبکستان نے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط بھی کئے۔
