چین کے نائب وزیراعظم لیو گوژونگ ایچ آئی وی / ایڈز کی روک تھام اور علاج سے متعلق چینی سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (چائنہ سی ڈی سی) کا دورہ کررہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے نائب وزیراعظم لیو گوژونگ نے کہا ہے کہ ملک میں ایچ آئی وی/ ایڈز کے پھیلاؤ کو قابو میں رکھا جا رہا ہے تاہم انہوں نے اس کی روک تھام اور کنٹرول میں درپیش چیلنجز کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن لیوگوژونگ نے یہ بات یکم دسمبر کو ایڈز کے 37 ویں عالمی دن سے قبل چائنیز سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (چائنہ سی ڈی سی) میں ایک تحقیقی دورے کے موقع پر کہی۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ صحت مند چین کی تعمیر میں ایڈز کا مقابلہ کرنا ایک اہم کام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کی مشترکہ کوششوں کی بدولت چین نے ایڈز کی وبا کو مجموعی طور پر کم سے کم سطح پر قابو میں رکھا ہوا ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایڈز کی منتقلی کو متاثر کرنے والے عوامل پیچیدہ اور متنوع ہیں، لہٰذا بیماری کی روک تھام اور اس پر قابو پانا مشکل ہے۔
انہوں نے نگرانی اور قبل از وقت آگاہی کے نظام کو مضبوط بنانے، فعال تشخیص اور تصدیق کرنے اور متاثرہ افراد کی فوری نشاندہی کے لئے جامع اقدامات پر عملدرآمد پر زور دیا۔
