چین کے مشرقی صوبہ جیانگسو کے صدر مقام نانجنگ میں جاپانی حملہ آوروں کی جانب سے قتل عام کے متاثرین کے یادگاری ہال میں تاریخی مواد کے ایک بیچ کو دیکھا جا سکتا ہے۔(شِنہوا)
نانجنگ (شِنہوا) 1937 کے جاپانی حملہ آور فوجی دستوں کے نانجنگ قتل عام سے متعلق جنگی جرائم کے نئے شواہد کے طور پر تاریخی مواد چین کے ایک یادگاری ہال کو عطیہ کر دیا گیا۔
نانجنگ قتل عام کے متاثرین کے یادگاری ہال نے بتایا کہ یہ اشیاء نانجنگ میں جاپانی حملہ آوروں کے ہاتھوں ہونے والی قتل و غارت کے گواہ جاپانی سپاہی نیشیجو اییکاکو کی جنگی ڈائری، اور 1937 میں نانجنگ اور دیگر مقامات پر جاپانی افواج کے قبضے کی 324 تصاویر پر مشتمل ایک فوٹو کلیکشن شامل ہیں۔
تصاویر کا مجموعہ عطیہ کرنے والے دائیتو ساتوشی کا تعلق جاپان سے ہے۔ انہوں نے یادگاری ہال کو شنگھائی اور نانجنگ میں جنگی دور کے فضائی دفاعی نظام سے متعلق جاپانی دستاویزات اور دیگر اشیاء بھی فراہم کیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہال کو کمفرٹ ویمن سے متعلق کئی تصاویر اور دستاویزات بھی موصول ہوئیں جن میں شنگھائی میں کمفرٹ ویمن اسٹیشن کی تزئین و آرائش کا ایک خاکہ اور جاپانی فوجی فیلڈ ہسپتال کی جانب سے کمفرٹ ویمن کے لئے طبی معائنے کے فارم شامل ہیں۔
گزشتہ تحقیق سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ ایشیا میں تقریباً 4 لاکھ خواتین کو کمفرٹ ویمن (خواتین برائے عیاشی) بننے پر مجبور کیا گیا تھا جو دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی فوج کے جنسی غلام کے طور پر استعمال ہوئیں اور ان میں سے تقریباً نصف خواتین چینی تھیں۔
