چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ میں نو بیاہتا جوڑے اجتماعی شادی کی تقریب میں شریک ہیں-(شِنہوا)
جینان(شِنہوا)چین کی دوسری سب سے بڑی مستقل رہائشی آبادی کا حامل صوبہ شان ڈونگ شادی کی چھٹیاں بڑھانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔اس اقدام کا مقصد بچے پیدا کرنے کی کوشش میں نو بیاہتا جوڑوں کو اضافی سہولت فراہم کرنا ہے۔
شان ڈونگ شادی میں قانونی رجسٹریشن کے عمل سے گزرنے والے شہریوں کی شادی کی چھٹیاں 3 دن سے بڑھا کر 15 دن کر دی گئی ہیں۔شادی سے قبل طبی معائنہ کرانے والے افراد کو 3 اضافی چھٹیاں ملیں گی۔
پیر کو صوبائی صحت کمیشن نے مقامی جوڑوں کے لئے شادی کی چھٹیوں میں ممکنہ توسیع کے حوالے سے عوام سے رائے لینا شروع کی۔
2021 میں چین کی 3 بچوں کی پالیسی کے نفاذ اور تعاون کے اقدامات کے بعد سے زیادہ تر صوبائی سطح کے علاقوں نے شادی کی چھٹیوں میں توسیع کی ہے۔ان میں سے چین کے شمال میں شنشی اور شمال مغرب میں گانسو سب سے زیادہ 30 دن تک شادی کی چھٹیاں دے رہے ہیں جبکہ چین کے وسط میں ہائی نان 21 دن کی شادی کی چھٹیاں دے رہا ہے جو شادی سے قبل طبی معائنہ کرانے والوں کے لئے 28 دن تک بڑھائی جا سکتی ہیں۔
چین کے مشرق میں موجود اقتصادی مرکز شان ڈونگ میں 10 کروڑ 10 لاکھ مستقل رہائشی ہیں۔صوبائی دارالحکومت جینان میں جنوری 2023 کے بعد کسی خاندان کے پیدا ہونے والے دوسرے اور تیسرے بچے کی پرورش کی ماہانہ سبسڈی 600 یوآن(83.4 امریکی ڈالر) کرنے کی نئی پالیسی متعارف کرائی گئی۔یہ سبسڈی بچے کے 3 سال تک کی عمر کو پہنچنے تک فراہم کی جاتی ہے جس کی 3 سال کے عرصے میں مجموعی رقم 21 ہزار 600 یوآن بنتی ہے۔
