چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں چین کی پہلی بین الاقوامی درآمدی نمائش(سی آئی آئی ای) میں سوئس چاکلیٹ تیار کنندہ ہیڈی کی نمائش کنندہ چاکلیٹ بار دکھا رہی ہے-(شِنہوا)
جنیوا(شِنہوا)سوئس چاکلیٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ چین سوئٹزرلینڈ کی اعلیٰ،منفرد اور پائیدار طریقے سے حاصل شدہ چاکلیٹ کی مضبوط اور صحت افزا مانگ پیدا کر رہا ہے۔
چوکو سوئس کے نام سے مشہور ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر روجر ویہرلی نے کہا کہ چین کو سوئس چاکلیٹ کی برآمدات میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔
سوئس فیڈرل آفس فار کسٹمز اینڈ بارڈر سکیورٹی کے مطابق 2023 میں جرمنی، برطانیہ، فرانس، کینیڈا، امریکہ، سپین، آسٹریلیا، اٹلی، چین اور بیلجیئم چاکلیٹ کی نمایاں برآمدی منڈیاں رہے۔
چوکو سوئس کے اعدادوشمار کے مطابق سوئس چاکلیٹ کی صنعت نے 2023 میں بارز اور چھوٹی چاکلیٹ،کوورچر،چاکلیٹ مٹھائی،موسمی اشیا اور پاؤڈر سمیت 2 لاکھ 7 ہزار 807 ٹن چاکلیٹ فروخت کی۔
ویہرلی نے کہا کہ 2024 کی پہلی ششماہی میں چاکلیٹ کی فروخت میں گزشتہ سال کی نسبت 9.1 فیصد اضافہ ہوا۔اس کی بڑی وجہ خام مال کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ہمارے ہاں کوکوا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جو مستقبل کے لئے انتہائی مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
چین میں سوئس برانڈز کے لئے مستقبل کے مواقع کے حوالے سے ویہرلی نے کہا کہ چاکلیٹ چینی نئے سال،وسط خزاں تہوار اور ویلنٹائن ڈے جیسے مواقع کے لئے ایک مقبول تحفہ بن رہی ہے۔
