چین کے جنوب مغربی چھونگ چھنگ کے توان جائے کن سٹیشن پر ایک لاکھ ویں چین-یورپ مال بردار ٹرین روانگی کے لئے تیار کھڑی ہے-(شِنہوا)
چھونگ چھنگ(شِنہوا)یورپی اور چینی کاروباری ادارے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر ایک لاکھ ویں چین۔یورپ مال بردار ٹرین کی تاریخی آمد کے موقع پر ایک استقبالیہ تقریب کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ٹرین اس ہفتے جرمنی کے شہر ڈوئسبرگ پہنچے گی۔
الیکٹرانکس، گاڑیوں، گاڑیوں کے پرزہ جات، مشینری اور گھریلو آلات سمیت دیگر سامان سے بھری ٹرین گزشتہ ہفتے چین کے جنوب مغربی چھونگ چھنگ شہر سے روانہ ہوئی، یہ ریلوے سروس کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے جو چین اور یورپ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تبادلوں کو فروغ دیتی ہے۔
مارچ 2011 میں چین -یورپ مال بردار ٹرین (یوشین او) سروس چھونگ چھنگ سے ڈوئسبرگ تک شروع کی گئی تھی جس نے چین اور یورپ کے مابین براہ راست زمینی تجارتی راہداری قائم کی۔
گزشتہ 13 برسوں کے دوران اس سروس نے اپنے راستوں میں آنے والے ممالک میں لوگوں کو خاطر خواہ فوائد فراہم کئے ہیں۔
چھونگ چھنگ میں موٹرسائیکل اور گاڑیاں بنانے والی کمپنی لیفان ٹیکنالوجی کے کانگ چھن بن نے کہا کہ مال بردار ٹرین کے آغاز کے بعد سے مشرقی یورپ کے لئے جانے والی لیفان کی مصنوعات کے ٹرانزٹ ٹائم میں 50 فیصد سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے ، جس سے کمپنی کو غیر ملکی منڈیوں میں اپنی مضبوط موجودگی میں مدد ملی ہے۔
آج چھونگ چھنگ کی مشینری اور الیکٹرانکس، سیچھوان کے آرائشی پودے اور جیانگشی کی روزمرہ ضروریات کی اشیا اور فرنیچر سمیت 50 ہزار سے زیادہ اقسام کا سامان ٹرین سروس کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے جو 25 یورپی ممالک کے 227 شہروں اور 11 ایشیائی ممالک کے 100 سے زیادہ شہروں تک پہنچتا ہے۔
چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ (چائنہ ریلوے) کے مطابق اب تک سروس نے 20فٹ کے مساوی سامان کے ایک کروڑ 10 لاکھ یونٹ کنٹینرز کی نقل و حمل کی جن کی مالیت 420 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔
ڈوئسبرگ کی بندرگاہ چلانے والی جرمن کمپنی ڈوئسبرگر ہیفن اے جی (ڈوئسپورٹ) کے سی ای او مارکس بینگن نے کہا کہ ریلوے سروس یورپ اور چین کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا رہی ہے ، جس سے ایک نئی بین الاقوامی ٹرانسپورٹ منڈی کھل رہی ہے جس سے دونوں معیشتوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی) کے ترجمان لی چھاؤ نے کہا کہ ایک لاکھ ویں چین-یورپ مال بردار ٹرین صرف آغاز ہے۔
