بنگلہ دیش میں چینی سفیر یاؤ وین( پیچھے قطار میں بائیں) اور بنگلہ دیش کے مشیر امور خارجہ محمد توحید حسین ( پیچھے قطار میں دائیں) ڈھاکہ میں چینی سفارت خانے کے زیر اہتمام منعقدہ چینی ثقافتی شام میں ’’ہیلو چائنہ ‘‘ بنگلہ دیش اطفال فنون مقابلے کی تقریب تقسیم انعامات میں شریک ہیں۔(شِنہوا)
ڈھاکہ (شِنہوا)بنگلہ دیش میں چینی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام چینی ثقافتی شام کا انعقادکیا گیا جس کا مقصد روایتی چینی ثقافت کو اجاگر کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا فروغ تھا۔
بنگلہ دیش میں چینی سفیر یاؤ وین نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ثقافتی تبادلہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں کو جوڑنےکے لیے ایک اہم پل ہے اور چین۔بنگلہ دیش دوستی عوام کے دلوں میں گہری جڑوں کی حامل ہے جو کہ دونوں ممالک کے لیے مفید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین 2025 میں سفارتی تعلقات کے 50 برس مکمل ہونے کے موقع کو تعلیم، صحت، کھیل، نوجوانوں کے تبادلوں اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور ایک مشترکہ روشن مستقبل کی تعمیر کرنےکے لئے استعمال کرے گا جسےعوامی تبادلوں کا سال قرار دیا گیا ہے۔
اس موقع پر بنگلہ دیشی عبوری حکومت کے مشیر امور خارجہ محمد توحید حسین نے چین کو بنگلہ دیش کا ایک قابل اعتماد اور مخلص شراکت دار قرار دیا۔
انہوں نے زور د یتے ہوئے کہا کہ ثقافتی تبادلہ بنگلہ دیش۔چین تعلقات کا بنیادی ستون اور محرک ہے اور تبدیلی کے اہم دور میں تمام شعبوں میں گہرے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔
تقریب کے دوران یاؤ اور توحید نے دی آؤٹ اسٹینڈنگ پروموشن پارٹنر ایوارڈ اور "ہیلوچائنہ” بنگلہ دیش اطفال فنون مقابلے کی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی جس کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب میں تقریباً 300 مہمانوں نے شرکت کی جس میں مختلف مظاہرے اور فن پارے پیش کئے گئے۔ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اور کنفیوشس کلاس رومز کے اساتذہ اور طلبا نے گوژینگ ، تائی چھی ، شیر رقص اور ہانفو جیسےفن کے مظاہروں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
