افغانستان کے شہر کابل میں افغان سکیورٹی فورسز غیر قانونی منشیات اور اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد تلف کررہی ہے۔(شِنہوا)
کابل (شِنہوا) افغان سکیورٹی فورسز نے افغانستان کے مغربی صوبہ غور میں منشیات تیار کرنے والی 9 خفیہ لیبارٹریز کو تباہ کرکے 16 ہزار 600 کلو گرام غیرقانونی منشیات نذرآتش کردیں۔
افغانستان کے نائب وزیر داخلہ برائے انسداد منشیات کے دفتر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ انسداد منشیات پولیس کے یونٹس نے صوبہ غور کے صدر مقام فیروز کوہ شہر کے مضافات میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران منشیات تیار کرنے والی 9 لیبارٹریز کو تباہ کرکے 16 ہزار 600 کلوگرام غیرقانونی منشیات کو قبضے میں لیکر نذرآتش کردیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ منشیات ہیروئن بنانے میں استعمال کی گئی تھی۔ اس معاملے میں ملوث کسی شخص کی گرفتاری سے متعلق بیان میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق پولیس نے بلخ ، ننگرہار ، پنج شیر اور کپیسا صوبوں میں منشیات کے عادی 156 افراد کو حراست میں لے کر انہیں علاج کے لئے بحالی مرکزمیں بھیج دیا ہے۔
افغانستان کی نگران حکومت نے غیر قانونی منشیات اور اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک سے پوست کی کاشت اور ہیروئن کی تیاری میں استعمال ہونے والے مواد کے خاتمے تک اس کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
