چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر نان جنگ میں لوگ سپر مارکیٹ میں خریداری کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین میں متعدد صوبائی سطح کے علاقوں نے 2024 کے آغاز سے اپنی کم از کم اجرت میں اضافہ کیا ہے جس کا مقصد لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تازہ ترین اقدام میں یون نان ، جیانگسو ، ژے جیانگ اور ہینان صوبوں کے ساتھ ساتھ اندرونی منگولیا خود مختار علاقے نے ماہانہ کم از کم اجرت میں 290 یوآن (تقریباً 40.31 امریکی ڈالر) تک کا اضافہ کیا ہے۔
دسمبر 2024 سے اندرونی منگولیا کے نسبتاً ترقی یافتہ علاقوں میں ماہانہ کم از کم اجرت بڑھ کر 2 ہزار 270 یوآن ہوجائے گی جبکہ یون نان میں اکتوبر 2024 کے دوران ماہانہ اجرت 2 ہزار 70 تک پہنچ چکی ہے۔
چین میں بلدیاتی اور صوبائی حکومتوں کو کم از کم اجرت مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے اور وہ ہر 2 سال میں کم از کم ایک بار اس میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔
اجرت میں اضافے کے تازہ ترین دور کے بعد شنگھائی 2 ہزار 690 یوآن کی ماہانہ کم از کم اجرت کے ساتھ قومی سطح پر پہلے درجے پر ہے جبکہ بیجنگ میں کم از کم ماہانہ اجرت 2 ہزار 420 یوآن ہے۔
چین کی رینمن یونیورسٹی میں اسکول آف لیبر اینڈ ہیومن ریسورسز کے پروفیسر چھانگ کائی نے کہا کہ کم از کم اجرت کو بڑھانا لوگوں کے بنیادی ضروریات زندگی کو محفوظ بنانے میں ایک اہم قدم ہے جس سے کھپت بڑھانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
