بیجنگ (شِنہوا) چین کی اعلیٰ عوامی عدالت (ایس پی سی) نے کہا ہے کہ بڑے گھناؤنے جرائم کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جانی چا ہئے جس سے انصاف کی پاسداری اور عوامی تحفظ یقینی بنانے کے لئے قومی عزم کا اعادہ ہوتا ہے۔
اس موضوع پر ایک اجلاس میں ایس پی سی نے اس طرح کے جرائم کے لئے فوری اور فیصلہ کن عدالتی کارروائی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ لوگوں کو حقیقی معنوں میں شفافیت اور انصاف کا احساس ہوسکے۔
ایس پی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے جرائم پر سخت سزائیں دی جانی چا ہئیں جو امن عامہ کو سنگین خطرے سے دوچار کرتے ، معاشرتی استحکام میں خلل ڈالتے یا لوگوں کی زندگیوں، صحت یا املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
اعلیٰ عدالت نے فوجداری مقدمات سے نمٹنے میں سخت سزا اور نرمی کے امتزاج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسے معمولی جرائم کے لئے نرمی کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جہاں مجرم جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پچھتاوا ظاہر کرتے اور متاثرین سے معافی مانگتے ہیں۔
ایس پی سی نے تنازعات اور جھگڑے ان کے ماخذ پر حل کرکے جرائم کی روک تھام کی کوششوں میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔
