چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار علاقے میں ہورگوس کے مقام پر چائنہ آئل اینڈ گیس پائپ لائن نیٹ ورک کارپوریشن(پائپ چائنہ) کے ہورگوس ابتدائی کمپریسر سٹیشن کا فضائی منظر-(شِنہوا)
ارمچی(شِنہوا) چین-وسطی ایشیا گیس پائپ لائن نے 2009 میں فعال ہونے کے بعد سے اب تک چین کو 500ارب کیوبک میٹر سے زائد قدرتی گیس فراہم کی ہے۔
پائپ چائنہ ویسٹ پائپ لائن کمپنی کے مطابق اس عرصے کے دوران قدرتی گیس کی فراہمی سے تقریباً 66 کروڑ 60 لاکھ ٹن معیاری کوئلے کے استعمال میں کمی لانے میں مدد ملی ہے جو 73 کروڑ 10 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج کم کرنے کے برابر ہے۔
چین کی پہلی بین الاقوامی گیس پائپ لائن کے طور پر یہ ایک ہزار 833 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہے جو سالانہ 60 ارب کیوبک میٹر گیس کی ترسیل کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ پائپ لائن ترکمانستان اور ازبکستان کی سرحد سےچلتی ہوئی ازبکستان اور قازقستان سے گزرتی ہے۔ پائپ لائن چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار علاقے میں ہورگوس کے مقام میں چین کی مغرب سے مشرق تک کی گیس پائپ لائن سے منسلک ہوتی ہے۔
پائپ لائن نے 27 صوبوں،خود مختار علاقوں،میونسپل شہروں اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے 50 کروڑ سے زائد رہائشیوں کو گیس فراہم کی ہے۔
