سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ایک وقوعہ پر 2ایف آئی آرکے اندراج بارے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔ منگل کو سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی آئینی بینچ نے ایک وقوعہ پر 2ایف آئی آر کے اندراج معاملے میں دائر درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ میں ایسے کیسز کی وجہ سے زیر التوا مقدمات کی تعداد 60ہزار ہو چکی ہے،ہمیں 60ہزار زیر التواء مقدمات بار بار یاد کرائے جاتے ہیں، کیوں نہ آپ کی درخواست جرمانے کیساتھ خارج کریں،
آپ تو وکیل ہیں آپ بھی ایسے کیسز عدالتوں میں دائر کریں گے۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ صغری بی بی کیس میں عدالت فیصلہ دے چکی ہے، دوسری ایف آئی آر کے اخراج کیلئے ہائیکورٹ کیوں نہیں گئے؟۔ بعد ازاں آئینی بینچ نے ایک وقوعہ پر دو ایف آئی آر کے اندراج بارے دائر درخواست نا قابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔
