افغانستان ، مشرقی صوبے خوست میں افغان بے سہارا خاندان چین کی عطیہ کردہ انسانی ہمدردی امداد وصول کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
خوست (شِنہوا) افغان حکام نے مشرقی خوست اور مغربی ہرات صوبوں میں ضرورت مند خاندانوں میں چین کا عطیہ کردہ امدادی سامان تقسیم کیا ہے جس میں ترجیح وطن واپس لوٹنے والوں کو دی گئی۔
مہاجرین اور وطن واپسی امور کے قائم مقام وزیر خلیل رحمان حقانی نے صوبہ خوست کے دارالحکومت خوست شہر میں 87 خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جس میں خیمے، سو یٹرز ، جوتے اور دیگر ضروری اشیاء شامل تھیں جو انہیں سردیاں گزارنے میں مدد دے گی۔
حقانی نے چین کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر خاندان کو 19 ہزار افغانی (تقریباً 282 امریکی ڈالر) مالیت کا سامان دیا گیا ہے۔ اس بروقت امداد سے غریب خاندانوں کو درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
امداد حاصل کرنے والوں میں زیادہ تر افراد پاکستان اور دیگر ہمسایہ ممالک سے وطن واپس آئے ہیں۔
امداد سے مستفید ہونے والے ایک شخص شفیع محمد نے شِنہوا کو بتایا کہ خیمہ اور گرم کپڑے ملنے پر وہ چین کے شکر گزار ہیں، انہوں نے مستقبل میں چین سے مزید مدد ملنے کی امید بھی ظاہر کی۔
صوبہ ہرات میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 107 خاندانوں کو اسی طرح کی امداد دی گئی جس کی تقسیم جمعرات کو مکمل ہوئی ۔ ہرات شہر کے رہائشی اور امداد وصول کرنے والے بارکزئی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر خاندان کو ایک فولڈ ایبل بیڈ، دو کمبل، ایک بالٹی اور باورچی خانے کی ضروری اشیاء دی گئی ہیں۔
ہمسایہ صوبے نمروز میں بھی 10 روز قبل 350 ضرورت مند خاندانوں میں چین کا عطیہ کردہ امدادی سامان تقسیم کیا گیا تھا۔
چین نے گزشتہ برسوں میں گرم کپڑے ، خیمے، خوراک اور ادویات فراہم کرکے ضرورت مند افغان خاندانوں کی مسلسل مدد کی ہے۔
