اسلام آباد:اختر مینگل، فہمیدہ مرزا ودیگر نے 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ جمعہ کو بی این پی کے سربراہ اختر مینگل، فہمیدہ مرزا، محسن داوڑ اور مصطفی نواز کھوکھر نے 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں وفاق، جوڈیشل کمیشن، خصوصی پارلیمانی کمیٹی، چیئرمین سینیٹ اور الیکشن کمیشن افسران کو فریق بناتے ہوئے 26ویں آئینی ترمیم کو پاس کروانے کے طریقہ کار پر سوال اٹھایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئینی ترمیم پاس کروانے کیلئے جس طرح ووٹ مینج کئے گئے اس کی تحقیقات کروانے کا حکم دیا جائے، آئینی ترمیم کی شق 7، 14، 17 اور 21 کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔درخواست میں آئینی ترمیم کی ان شقوں کو عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار دینے اور آئینی ترمیم کالعدم قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
