اسلام آباد: نیپرا نے بتایا ہے کہ اب تک بجلی کمپنیوں کو 1 ارب 95 کروڑ،45 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے جاچکے ہیں۔ نیپرا کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی اور شکایات پر اب تک بجلی کمپنیوں کو 1ارب 95کروڑ 45 لاکھ روپے کے جرمانے کئے جاچکے ہیں۔
اعلامئے کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو مجموعی طور پر 1ارب 14کروڑ 90 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ بجلی کی ٹرانسمیشن کمپنیوں کو مجموعی طور پر 5کروڑ 60لاکھ روپے کا جرمانہ ہوا۔اعلامئے کے مطابق بجلی کی پیداواری کمپنیوں کو مجموعی طور پر 74کروڑ 95لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
کے الیکٹرک کو 2015 سے اب تک 32کروڑ 35لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر 5کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا۔نیپرا کے مطابق 2022-23ء میں مہلک حادثات کے باعث کیسکو کو 1کروڑ 25لاکھ روپے جرمانہ ہوا، ملتان الیکٹرک سپلائی کو 2020 سے 2023 تک 4کروڑ 40لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
آئیسکو کو 2017 سے اب تک 10کروڑ 50لاکھ روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے جبکہ فیسکو کو 2017 سے اب تک مجموعی طور پر 5کروڑ 50لاکھ روپے جرمانہ ہوا۔حیسکو کو 2017 سے لے کر اب تک 15کروڑ 20لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، لاہور الیکٹرک سپلائی کو رواں مالی سال 5کروڑ 60لاکھ روپے کا جرمانہ ہوا۔نیپرا کے مطابق این ٹی ڈی سی کو 2016 سے گزشتہ مالی سال تک 4کروڑ 60 لاکھ جرمانہ ہوا۔
