چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر گوانگ ژو میں لوگ 136 واں چین درآمدی و برآمدی میلہ دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
گوانگ ژو(شِنہوا)سرکاری طور پر چین درآمدی و برآمدی میلے کے نام سے مشہور 136 واں کینٹن میلہ چین کے جنوبی شہر گوانگ ژو میں اختتام پذیر ہوگیا۔ منتظمین کے اعدادوشمار کے مطابق میلے میں غیر ملکی خریداروں نے ریکارڈ شرکت کی۔
چائنہ فارن ٹریڈ سنٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور میلے کے میڈیا سنٹر کے سربراہ ژو شین چھنگ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اتوار تک 214 ملکوں اور خطوں سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 53 ہزار غیر ملکی خریدار میلے میں شریک ہوئے۔ اس سال 15 اپریل سے 5 مئی تک ہونے والے گزشتہ میلے کی نسبت تعداد میں 2.8 فیصد اضافہ ہوا جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو میں شریک ممالک سے تعلق رکھنے والے خریداروں کی حاضری مجموعی حاضری کے 60 فیصد سے زائد رہی۔ مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے خریداروں کی حاضری سب سے زیادہ رہی جو گزشتہ میلے کی نسبت 32.6 فیصد اضافے کے ساتھ 34 ہزار تک پہنچ گئی۔ امریکہ اور یورپی ملکوں سے تعلق رکھنے والے خریداروں کی تعداد میں بھی قابل ذکر اضافہ ہو۔ ان ملکوں سے 54 ہزار افراد میلے میں شریک ہوئے جو گزشتہ میلے کی نسبت 8.2 فیصد زیادہ ہیں۔
حالیہ میلے میں برآمدی لین دین کا کاروبار 24.95 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ میلے سے ایک فیصد زائد ہے۔ قابل ذکر طور پر بیلٹ اینڈ روڈ کے شراکت دار ممالک کے ساتھ لین دین کل کاروبار کے نصف سے زائد رہا جبکہ یورپ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے خریداروں سے لین دین میں بھی اضافہ ہوا۔
136 ویں کینٹن میلے کا موضوع ’’اعلیٰ معیار کی ترقی کی خدمت، اعلیٰ سطح کی وسعت کا فروغ‘‘ تھا۔ میلے میں 30 ہزار سے زائد نمائش کنندگان نے 11 لاکھ 50 ہزار نئی مصنوعات کی نمائش کی۔
1957 سے شروع ہونے والا کینٹن میلہ ہر سال 2 مرتبہ گوانگ ڈونگ کے دارالحکومت گوانگ ژو میں منعقد ہوتا ہے۔ یہ چین میں ہونے والے کئی جامع بین الاقوامی تجارتی ایونٹس میں سے سب سے طویل چلنے والا میلہ ہے جسے چین کی غیر ملکی تجارت کا پیمانہ بھی کہا جاتا ہے۔
