چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں چھٹی چین بین الاقوامی درآمدی نمائش(سی آئی آئی ای) کے شرکاء جنوبی افریقہ کے بوتھ پر تصاویر بنا رہے ہیں-(شِنہوا)
جوہانسبرگ(شِنہوا)جنوبی افریقی ماہر نے کہا ہے کہ چین بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) افریقہ کے لئے اپنی مصنوعات کی نمائش اور چین کے ساتھ تجارت کے فروغ کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
سٹینڈرڈ بینک کے شعبہ بزنس اینڈ کمرشل بینکنگ کے گروپ سربراہ فلپ مائی برگ نے شنگھائی میں منگل سے شروع ہونے والی ساتویں سی آئی آئی ای سے قبل شِنہوا کو ایک انٹرویو میں کہا کہ چین کے پاس ایک بڑی اور پر کشش منڈی ہے اور سی آئی آئی ای ایک بڑی اور متنوع نمائش ہے۔
مائی برگ نے کہا کہ سی آئی آئی ای میں ہماری شرکت بھرپور ہوگی اور افریقی پویلین پر افریقہ میں تیار کردہ تمام مصنوعات رکھی جائیں گی۔
افریقی ماہر نے کہا کہ سٹینڈرڈ بینک شروع سے ہی سی آئی آئی ای میں شرکت کر رہا ہے اور افریقہ اور چین کے درمیان تعلق کی مضبوطی کے لئے کئی تقریبات کی میزبانی بھی کرچکا ہے۔
مائی برگ نے کہا کہ ہم سی آئی آئی ای میں افریقی مصنوعات کے لئے مزید تنوع اور زیادہ طلب دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں اس سال مزید سودوں، مزید دلچسپی اور مزید معاہدوں کی توقع ہے۔
مائی برگ نے کہا کہ چین۔افریقہ تعاون فورم چین۔افریقہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جس میں بنیادی شہری سہولیات اور مالی تعاون کے کئی منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔ سی آئی ای ای چین افریقہ تعاون فورم(ایف او سی اے سی) میں کئے گئے نظریاتی اور سیاسی وعدوں کا عملی اظہار ہے۔
مائی برگ نے کہا کہ افریقی ممالک چین کے اعلیٰ سطح کی وسعت کے فروغ کے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں جس سے افریقہ کی معاشی بحالی اور ترقی کو فروغ ملے گا۔
